لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2026ء) ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سال 2026 کے گوشوارے کے فارمیٹ پر ٹیکس دہندگان اور ٹیکس ماہرین کی جانب سے ابھی تک تحفظات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے ،اگر گوشوارہ غیر ضروری طور پر پیچیدہ رہا تو رضاکارانہ ٹیکس تعمیل متاثر ہو سکتی ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اور جنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا کہ غیر ضروری معلومات اور پیچیدہ شرائط کم کی جائیں، آن لائن پورٹل کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ گوشوارے جمع کرانے کے دوران تکنیکی مسائل سے بچا جا سکے۔ انہوںنے تجویز دی کہ ایف بی آر ٹیکس ماہرین اور کاروباری تنظیموں سے مشاورت کے بعد تحفظات دور کرے، ہیلپ ڈیسک کو موثر بنایا جائے۔ شفاف، آسان اور قابل فہم ٹیکس نظام ہی ٹیکس نیٹ میں اضافے، رضاکارانہ تعمیل کے فروغ اور حکومتی محصولات میں پائیدار بہتری کا ذریعہ بن سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس قوانین میں بار بار تبدیلیوں کے بجائے پالیسیوں میں تسلسل یقینی بنایا جائے تاکہ ٹیکس دہندگان اعتماد کے ساتھ اپنے مالی معاملات انجام دے سکیں۔ کاروباری برادری اور ٹیکس ماہرین کی تجاویز کو شامل کرکے ایک ایسا نظام تشکیل دیا جا سکتا ہے جو ریاست اور ٹیکس دہندگان دونوں کے مفاد میں ہو۔