ایف پی سی سی آئی نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ برقرار رکھنے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض مگوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کلیدی پالی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض مگوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کلیدی پالیسی ریٹ برقرار رکھنے کے فیصلے پر گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ایف پی سی سی آئی نے اس فیصلے کو ’’معاشی سکڑا پر مبنی پالیسی‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلند شرحِ سود برقرار رکھنے سے معاشی سرگرمیاں مزید سست ہوں گی، کاروباری اداروں کی مالی وسائل تک رسائی محدود ہوگی اور ملک میں صنعتی بحالی کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچے گا۔ قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں نے اسٹیٹ بینک کے محتاط طرزِ عمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو توقع تھی کہ شرحِ سود میں کمی کی جائے گی؛ تاکہ کاروبار کرنے کی بڑھتی ہوئی لاگت کم ہو اور تجارت و صنعت کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں سہولت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں پالیسی ریٹ کو برقرار رکھنا کاروباری برادری کی توقعات کے برعکس ہی؛ کیونکہ پاکستانی صنعت اور برآمد کنندگان پہلے ہی بلند توانائی نرخوں اور انتہائی زیادہ مالیاتی لاگت کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ثاقب فیاض مگوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں صنعتوں کو چلانا اور عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنا اتنی بھاری مالی لاگت کے ساتھ ممکن نہیں۔ ان کے مطابق، پیداواری لاگت کم کرنے، اشیا و خدمات کو عوام کے لیے زیادہ قابلِ استطاعت بنانے اور معیشت کو دوبارہ متحرک کرنے کے لیے سنگل ڈیجٹ شرحِ سود ناگزیر ہے۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اور ریجنل چیئرمین سندھ عبدالمہیمن خان نے کہا کہ بنیادی افراطِ زر میں استحکام کے باوجود شرحِ سود کو مسلسل بلند رکھنا ایک غیر ضروری اضافی بوجھ ہے جس کی کوئی معاشی توجیہ نہیں بنتی۔ ان کے مطابق سرمایہ حاصل کرنے کی بلند لاگت صنعتوں کی بندش اور پاکستانی برآمد کنندگان کی عالمی مسابقت میں کمی کی بنیادی وجہ بن چکی ہے۔عبدالمہیمن خان نے خبردار کیا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اس فیصلے کے فوری منفی اثرات ملک کے تجارتی مراکز اور مجموعی معاشی استحکام پر مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شرحِ سود برقرار رکھنے سے کاروباری ماحول متاثر ہوگا، نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوگی اور تیز رفتار معاشی بحالی کی امیدیں مزید کمزور پڑ جائیں گی۔ ایف پی سی سی آئی کا مقف ہے کہ کاروباری برادری پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لہذا صنعتی پیداوار میں اضافے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے کاروبار دوست مالیاتی پالیسی اور سنگل ڈیجٹ شرحِ سود انتہائی ضروری ہے۔ ایف پی سی سی آئی نے اسٹیٹ بینک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مقف پر فوری نظرثانی کرے اور ایسے اقدامات کرے جو کاروبار کے تسلسل اور معاشی ترقی کو حقیقی معنوں میں فروغ دیں۔ ایف پی سی سی آئی کی قیادت نے اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مالیاتی پالیسی میں فوری اصلاحات کے لیے واضح روڈ میپ پیش کرے۔ایف پی سی سی آئی نے خبردار کیا کہ اگر زمینی حقائق کے مطابق فوری طور پر شرحِ سود کو سنگل ڈیجٹ سطح پر نہ لایا گیا تو رواں مالی سال کے برآمدات میں اضافے اور صنعتی توسیع کے قومی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔



