حکومت تین سال کیلئے ’’چارٹر آف اکانومی‘‘متعارف کرائے ‘ مدثر مسعود چوہدری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)انجم نثار گروپ کے رکن و سابقہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مدثر مسعود چوہدری نے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)انجم نثار گروپ کے رکن و سابقہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مدثر مسعود چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال کاروباری برادری اور صنعتکاروں کے لیے چیلنج بن چکی ہے،بلند شرح سود، مہنگی توانائی، بڑھتے ہوئے ٹیکسز اور روپے کی قدر میں اتار چڑھا ئونے صنعتی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت کو صنعت، تجارت اور برآمدات کے فروغ کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ بجلی اور گیس کے نرخوں میں کمی، کاروبار دوست ٹیکس پالیسی، برآمد کنندگان کو بروقت سہولیات کی فراہمی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے آسان قرضوں کا نظام متعارف کرایا جائے۔ مدثر مسعود چوہدری نے کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی، سرکاری اداروں میں اصلاحات اور غیر ضروری اخراجات میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نجی شعبے کو اعتماد میں لے کر معاشی فیصلے کرے اور پیداواری شعبے کی حوصلہ افزائی کرے تو روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گی۔انہوں نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کم از کم تین سال کے لیے ’’چارٹر آف اکانومی‘‘متعارف کرائے تاکہ معاشی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو۔ ٹیکس وصولیوں کا دائرہ بڑھانے کے لیے دستاویزی معیشت کو فروغ دیا جائے اور ٹیکس کا بوجھ پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے صنعتکاروں کے بجائے غیر رجسٹرڈ شعبوں پر منتقل کیا جائے۔خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری یا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ترقیاتی فنڈز کو صرف برآمدات، ٹیکنالوجی اور صنعتی پیداوار بڑھانے والے منصوبوں پر خرچ کیا جائے تاکہ ملک مستقل طور پر قرضوں پر انحصار سے نکل سکے۔



