عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ، چاندی، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں عارضی کمی، خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکی ڈالر کی قدر میں نرمی کے بعد عالمی منڈی میں سونے سمیت

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں عارضی کمی، خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکی ڈالر کی قدر میں نرمی کے بعد عالمی منڈی میں سونے سمیت دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں پیر کے روز اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 1.4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد سونا 4,110.56 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچر ایک فیصد اضافے کے ساتھ 4,112.10 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتا رہا۔ مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی ڈالر انڈیکس میں 0.3 فیصد کمی کے باعث دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہوگیا، جس کے نتیجے میں خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور قیمتیں اوپر چلی گئیں۔ ادھر دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چاندی کی قیمت 2.8 فیصد اضافے کے بعد 59.81 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 2.6 فیصد بڑھ کر 1,629.15 ڈالر فی اونس اور پیلیڈیم 2.1 فیصد اضافے کے ساتھ 1,269.43 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔ماہرین نے کہا کہ عالمی سیاسی صورتحال، خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر اور مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں کے باعث آنے والے دنوں میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مزید ردوبدل کا امکان موجود ہے۔



