لاہور میں نئے اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے حوالے سے اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے صنعتی زوننگ کے عمل میں نجی شعبے کو شامل کرنا خوش آئند اقدا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے صنعتی زوننگ کے عمل میں نجی شعبے کو شامل کرنا خوش آئند اقدام ہے،اس وقت لاہور میں صنعتکاروں کو زمین کی کمی، مختلف سرکاری اداروں کی کارروائیوں اور صنعتوں کی منتقلی جیسے اہم مسائل کا سامنا ہے،ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے صنعتوں کا فروغ ناگزیر ہے لیکن موجودہ حالات میں نئی صنعت لگانا یا موجودہ صنعت کو چلانا بہت مشکل ہو گیا ہے، حکومت کو چاہیے کہ صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تاکہ سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کا عمل متاثر نہ ہو۔ وہ لاہور میں ’’اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے موزوں زمین کی نشاندہی‘‘کے موضوع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، سابق صدر محمد علی میاں، پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریجنل ڈائریکٹر مزمل حسن چوہدری،ڈائریکٹر، صبیح زکاء، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل امجد عباس شاہ،، ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان احد امین ملک، رانا نثار، محسن بشیر، افتخار احمد، رانا شعبان اختر، سید حسن رضا اور دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کاروباری برادری کو کئی چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم صنعتی زوننگ اور صنعتوں کی منتقلی کا مسئلہ سب سے زیادہ اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پہلے ہی صنعت چلا رہے ہیں، وہی نئے سرمایہ کاروں کے لیے مثال بنتے ہیں، لیکن جب صنعتکار روزانہ مختلف مسائل کا شکار ہوں تو نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی نہیں ہو پاتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور صنعتوں کے ذریعے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات صنعتکاروں کو غیر ضروری مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حالانکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں سہولت فراہم کرے۔ صدر لاہور چیمبر نے پنڈی داس کے قریب مجوزہ صنعتی زون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں تقریباً 300 صنعتی یونٹس قائم کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ کم از کم 50 فیصد گنجائش ان صنعتوں کے لیے مختص کی جائے جنہیں موجودہ مقامات سے منتقل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ رہائشی آبادیوں سے صنعتوں کی منتقلی ضروری ہے، لیکن یہ عمل صنعتکاروں کی مشاورت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ اس موقع پر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریجنل ڈائریکٹر لاہورمزمل حسن چوہدری نے کہا کہ لاہور کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری پھیلاؤ کے باعث صنعتی زوننگ وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب صنعتیں قائم ہوئیں تو ان کے اردگرد آبادی نہیں تھی، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ رہائشی علاقے ان کے قریب آ گئے ہیں، جس کی وجہ سے جدید صنعتی زونز کے قیام کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ، حفاظتی معیارات اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے صنعتوں کو مناسب مقامات پر منتقل کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا مقصد صنعتکاروں کو سہولت دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔مزمل حسن چوہدری نے کہا کہ اجلاس کا مقصد صنعتکاروں کی مشاورت سے ایسے مقامات کی نشاندہی کرنا ہے جہاں نئے صنعتی زونز قائم کیے جا سکیں اور صنعتوں کی منتقلی آسانی سے ممکن ہو۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصوبے کو آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنڈی داس کے قریب مجوزہ منصوبے پر ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صنعتکار بھی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ نئے صنعتی زونز کے قیام، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکے۔



