لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2026ء) وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ معاشی صلاحیتوں کا حامل ہے تاہم سرمایہ مارکیٹ کو مستحکم بنانے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔ اتوار کو ثنا عبداللہ کی قیادت میں خواتین کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ مضبوط سرمایہ مارکیٹ نہ صرف کاروباری اداروں کو طویل المدتی مالی وسائل فراہم کرتی ہے بلکہ بینکوں پر انحصار کو بھی کم اور قومی معیشت کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ سیف الرحمان نے پالیسیوں کے تسلسل، ضوابط کو آسان بنانے، مالیاتی شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی اور مالیاتی آگاہی بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موثر سرمایہ مارکیٹ گھریلو بچت کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرتی، کاروباری توسیع اور جدت کی حوصلہ افزائی کرتی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے حکومت، ریگولیٹری اداروں، مالیاتی اور نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ مل کر ایک شفاف، مضبوط اور جامع سرمایہ مارکیٹ کی تشکیل کے لیے کام کریں تاکہ پاکستان کی طویل المدتی معاشی خوشحالی اور عالمی مسابقت کو فروغ دیا جا سکے۔