لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2026ء) پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف )انجم نثار گروپ کے رکن و سابقہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مدثر مسعود چوہدری نے کہا ہے کہپاکستان کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کے لیے حکومت، صنعتکاروں، ماہرین معاشیات اور نجی شعبے کے درمیان موثر رابطہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ قومی سطح پر ایک خودمختار ’’اکنامک تھنک ٹینک‘‘قائم کیا جائے جس میں صنعت، تجارت، زراعت، آئی ٹی، برآمدات اور مالیاتی شعبے کے ماہرین کو شامل کیا جائے۔ یہ تھنک ٹینک ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز کا مسلسل جائزہ لے اور حکومت کو قابل عمل سفارشات پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ، درآمدی متبادل صنعتوں کا فروغ، ٹیکس نظام میں سادگی اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے معاشی ترقی کی رفتار تیز کی جا سکتی ہے۔ مدثر مسعود چوہدری نے زور دیا کہ ایس ایم ای سیکٹر، نوجوان کاروباری افراد اور آئی ٹی ایکسپورٹرز کے لیے خصوصی مراعات متعارف کرائی جائیں تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے نرخوں میں استحکام، صنعتی لاگت میں کمی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مضبوط معاشی منصوبہ بندی، مستقل اصلاحات اور قومی مشاورت ہی پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔