فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2026ء) سرپرست اعلیٰ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان و صدر انجمن تاجران سٹی رجسٹرڈ فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق سکا نے کہا ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن کے منصوبے خوش آئند ہیں جن سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کو بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے جاری اقدامات قابل تعریف ہیں اور امید ہے کہ یہ منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہو کر عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ترقی یافتہ، صاف ستھرا اور خوبصورت شہر ہر شہری کی خواہش ہوتا ہے جبکہ بہتر انفراسٹرکچر سے تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی تاجر برادری ہمیشہ شہر کی ترقی، خوبصورتی اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی حمایت کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی مثبت اقدامات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف کاروباری ماحول بہتر ہوگا بلکہ شہریوں کے لیے آمدورفت اور دیگر بنیادی سہولیات میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ خواجہ شاہد رزاق سکا نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شہر کی بہتری کے لیے جاری اقدامات مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گے اور فیصل آباد مزید خوبصورت، جدید اور ترقی یافتہ شہر بن کر سامنے آئے گا۔