سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2026ء) سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام خواتین کے زیرِ قیادت کاروباروں کو مستحکم کرنے کے لئے ٹیکس سے متعلق تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (SMEDA) کے اشتراک سے خواتین کاروباری شخصیات کی معلومات اور صلاحیتوں میں اضافے کے لئے ٹیکس کے امور پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ تربیتی ورکشاپ میں ٹیکس کے اہم شعبوں بشمول انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس پر توجہ مرکوز کی گئی جس کا مقصد شرکاکو ٹیکس کے ضوابط، قانونی تقاضوں کی تکمیل اور کاروبار کے لئے بہترین مالیاتی انتظام کے طریقوں سے متعلق عملی معلومات فراہم کرنا تھا۔ تقریب میں سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس کی قیادت ایگزیکٹو باڈی اور اراکین نے شرکت کی جن میں قائم مقام صدر سمیرا حریرہ، بانی و سینئر نائب صدر سعدیہ خان، بانی و ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر حمیرہ اظہر اور چیمبر کی دیگر ممتاز شخصیات شامل تھیں۔ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی جو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور پیشہ ورانہ ترقی کے لئے دونوں کاروباری تنظیموں کے درمیان باہمی تعاون کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے علم پر مبنی اقدامات، پیشہ ورانہ تربیت اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کے ذریعے خواتین کاروباری شخصیات کو بااختیار بنانے کے لئے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تکنیکی معاونت اور مہارت فراہم کرنے پر سمیڈا (SMEDA) کا اور ورکشاپ کی کامیابی میں حصہ لینے پر تمام شرکاکا شکریہ بھی ادا کیا۔ منتظمین نے کہا کہ سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس خطے میں کاروباری ماحول کو مستحکم کرنے اور پائیدار کاروباری ترقی کو فروغ دینے کے لئے اسی طرح کے تربیتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گی۔ تربیتی سیشن کے اختتام پر، مسلسل سیکھنے اور کاروباری عمدگی کے عزم کے اعتراف میں تمام شرکامیں شرکت کے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔