کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم و آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ہفتہ وار بنیاد سے تبدیل کرکے روزانہ کی بنیاد پرمقرر کرنا ایک اہم معاشی اصلاح ہے، تاہم اسے مکمل شفافیت، واضح طریقہ کار اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرول پمپ مالکان سے مشاورت کے بغیر نافذ نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے مطابق روزانہ قیمتوں کے تعین سے سیاسی مداخلت کم ہوگی، غیر معمولی منافع کمانے کے مواقع محدود ہوں گے اور عالمی منڈی میں تبدیلیوں کا اثر مقامی قیمتوں پر زیادہ تیزی سے منتقل کیا جاسکے گا۔ اوگرا نے روزانہ قیمتوں کے اعدادوشمار جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ نئے نظام میں ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، ریفائنری ایڈجسٹمنٹ، اسٹاک مینجمنٹ اور قیمتوں کے فرق کو بعد میں ایڈجسٹ کرنے کے طریقہ کار کو بھی شامل کیا جائے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ مجوزہ اقدامات اور قواعد کو مکمل نفاذ سے پہلے حتمی شکل دینا ضروری ہے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت اور گھریلو اخراجات پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ قیمتوں میں اضافہ اس نظام سے وابستہ خطرات کو واضح کرتا ہے۔ 18 جولائی سے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے اسے 316 روپے 15 پیسے کردیا گیا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 31 روپے 5 پیسے اضافے کے بعد 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل ٹرکوں، پبلک ٹرانسپورٹ، ٹریکٹروں، فصلوں کی کٹائی کی مشینری، تعمیراتی آلات اور بجلی پیدا کرنے والے جنریٹروں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔ اس لیے ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے فی لیٹر سے زائد اضافہ فوری طور پر مال برداری، غذائی اشیا کی ترسیل، زرعی پیداوار اور صنعتی لاگت میں اضافے کا سبب بنے گا۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ 16 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سینسٹو پرائس انڈیکیٹر کے اشاریے میں پہلے ہی 1.40 فیصد اضافہ ہوچکا ہے اور یہ 357.61 کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ چونکہ ڈیزل کی حالیہ قیمت اس مدت کے بعد نافذ ہوئی، اس لیے اس کے مکمل اثرات آنے والے ہفتوں میں ٹرانسپورٹ کرایوں، سبزیوں، آٹے، تعمیراتی سامان اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں ظاہر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے روزانہ قیمتوں کے نظام کو ڈی ریگولیشن، مسابقت اور مارکیٹ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ریفائنریوں اور صنعت کے نمائندوں نے سپلائی چین، بروقت اعدادوشمار، موجودہ اسٹاک کی قیمت اور ایک قیمت پر خریدے گئے ایندھن کو نئی قیمت پر فروخت کرنے سے متعلق اہم تحفظات بھی ظاہر کیے ہیں کیونکہ تیز رفتاری سے قیمتوں میں تبدیلی سے شفافیت سے متعلق سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ پیٹرول پمپ مالکان نے اس پالیسی کی موجودہ شکل میں شدید مخالفت کی ہے اور ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی دھمکی بھی دی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے موجودہ اسٹاک پر نقصان، آئل ٹینکروں کی نقل و حرکت میں مشکلات اور تقریباً 15 ہزار ریٹیل آؤٹ لیٹس پر انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں تبدیلی کے نظام کی ساکھ اس بات پر منحصر کرتی ہے کہ عالمی منڈی میں آئل پرائسز کی قیمتوں میں تبدیلی فوری طور پر صارفین کو منتقل کی جائے۔ اوگرا کو عالمی قیمت، شرح مبادلہ، امپورٹ پریمیئم، ایکس ریفائنری قیمت، فریٹ مارجن، پیٹرولیم لیوی، کاربن لیوی، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن اور ڈیلر کمیشن پر مشتمل مکمل قیمت نامہ روزانہ جاری کرنا چاہیے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ کہ روزانہ وار قیمتوں کے تعین کے لیے حکومت، اوگرا، سٹیٹ بینک، ماہرین، ایف پی سی سی آئی، سٹیک ہولڈرز اور کنزیومرز پر مشتمل وسیع البنیاد کمیٹی قائم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں کے نفاذ کے لیے ملک بھر میں ایک مقررہ وقت اور موجودہ اسٹاک کی قیمتوں کے فرق کو ایڈجسٹ کرنے کا شفاف طریقہ کار بھی ناگزیر ہے۔ روزانہ قیمتوں کا نظام شفافیت بہتر بنا سکتا ہے، لیکن اسے کاروباری اداروں اور عوام کے لیے روزانہ غیر یقینی کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ حکومت اس نظام کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق، بلا تعطل سپلائی اور عالمی قیمتوں میں ہر کمی کا فائدہ بھی اسی رفتار سے صارفین تک پہنچانے کی ضمانت کے بعد نافذ کرے۔