ایس ای سی پی نے مالی سال 2026-27 کے پہلے آئی پی او کی منظوری دے دی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مالی سال 2026-27 کے پہلے ابتدائی عوامی حصص (آئی پی او) کی منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے تحت ت

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مالی سال 2026-27 کے پہلے ابتدائی عوامی حصص (آئی پی او) کی منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے تحت تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اپنے حصص کی فروخت کے ذریعے سرمایہ حاصل کرے گی ۔ایس ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیشن نے کمپنی کے آئی پی او کے لیے پروسپیکٹس کے اجرا، اشاعت اور تقسیم کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کمپنی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کے عمل کو آگے بڑھا سکے گی۔ اعلامیے کے مطابق تصدیق انفارمیشن سروسز اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے لائسنس یافتہ کریڈٹ بیورو ہے، جو بینکوں اور دیگر رکن مالیاتی اداروں کو صارفین کی کریڈٹ ہسٹری اور مالیاتی معلومات فراہم کرتی ہے، جس سے قرضوں کی جانچ پڑتال اور رسک مینجمنٹ کے عمل میں مدد ملتی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق کمپنی مجموعی طور پر 219 ملین شیئرز سرمایہ کاروں کو پیش کرے گی، جبکہ آئی پی او کا انعقاد بک بلڈنگ کے طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا تاکہ مارکیٹ کی طلب کے مطابق حصص کی قیمت کا تعین شفاف انداز میں ہو سکے۔ کمیشن نے بتایا کہ پیش کیے جانے والے مجموعی شیئرز میں سے 75 فیصد ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور ہائی نیٹ ورتھ سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ باقی 25 فیصد حصص عام (ریٹیل) سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب ہوں گے تاکہ چھوٹے سرمایہ کار بھی اس پیشکش سے فائدہ اٹھا سکیں ۔ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں تیز رفتار پراسیسنگ، ریگولیٹری اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات کے باعث کمپنیوں کے لیے کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور مؤثر بنائی گئی ہے، جس سے نئی کمپنیوں کی اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق نئے مالی سال کے پہلے آئی پی او کی منظوری پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے لیے مثبت پیش رفت ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور کارپوریٹ سیکٹر کے لیے متبادل مالی وسائل کی فراہمی میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔



