میڈ اِن فیصل آباد ایکسپو 2026 کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں،فاروق یوسف شیخ
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2026ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام 24 سے 26 جولائی 2026 تک لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی ’’میڈ اِن فیصل آباد ایکسپو 2026‘‘ کی

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2026ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام 24 سے 26 جولائی 2026 تک لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی ’’میڈ اِن فیصل آباد ایکسپو 2026‘‘ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ کے مطابق تین روزہ نمائش کا مقصد فیصل آباد کی صنعتی شناخت کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا، نئی منڈیاں تلاش کرنا، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا اور مختلف صنعتی شعبوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔ ایکسپو میں ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، انجینئرنگ، زرعی آلات، فوڈ پروسیسنگ، جوتا سازی، فرنیچر سمیت دیگر شعبوں کی معروف کمپنیاں اپنی جدید مصنوعات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کریں گی جبکہ مقامی و ملٹی نیشنل کمپنیوں کے خصوصی پویلین بھی قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے دوران B2B اور B2C روابط، سٹارٹ اپس اور برآمد کنندگان کے لیے سیمینارز اور تربیتی نشستوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا ،جن میں بین الاقوامی تجارت، برانڈنگ، مارکیٹنگ اور ایکسپورٹ ڈاکومنٹیشن پر ماہرین رہنمائی فراہم کریں گے۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ یہ ایکسپو فیصل آباد کی صنعت، محنت، جدت اور کاروباری صلاحیت کا قومی سطح پر مؤثر تعارف ثابت ہوگی جس سے نئے کاروباری مواقع، بہتر سرمایہ کاری، مضبوط تجارتی روابط اور ملکی برآمدات میں اضافے کی راہ ہموار ہوگی جبکہ عوام کو بھی فیصل آباد کی معیاری اور متنوع صنعتی مصنوعات کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔



