لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2026ء) نجی کمپنیوں کے پانچ کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں تاحال کمی نہیں آ سکی، جس کے باعث شہری مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں اور مہنگائی کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف نجی کمپنیاں پانچ کلوگرام آٹے کا تھیلا 900 روپے سے 1030 روپے تک فروخت کر رہی ہیں، جس سے متوسط اور کم آمدن والے طبقے کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مزید دشوار ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی بڑھتی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، اس لیے حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔شہریوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی کمپنیوں کی جانب سے فروخت کیے جانے والے آٹے کی قیمتوں کو مناسب سطح پر لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کو سرکاری نرخوں کے مطابق آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔