ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کی تجارتی وفد کے نام پر انسانی سمگلنگ اور ویزے فروخت سے متعلق الزامات کی سختی سے تردید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے تجارتی وفد کے نام پر انسانی سمگلنگ اور ویزے فروخت سے متعلق ا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے تجارتی وفد کے نام پر انسانی سمگلنگ اور ویزے فروخت سے متعلق الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کا مبینہ ویزہ سکینڈل، انسانی سمگلنگ یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ویمن چیمبر کی جانب سے تجارتی وفد کی آڑ میں ویزے فروخت کرنےاور انسانی سمگلنگ کے الزامات بے بنیاد ہیں جبکہ اس مبینہ تنازع سے ایف پی سی سی آئی کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی اعلیٰ ترین تجارتی تنظیم پر اس نوعیت کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے واضح کیا کہ ایف پی سی سی آئی کسی بھی قسم کے ویزے جاری یا فروخت نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود بھیجنے کا مقصد صرف تجارت، سرمایہ کاری اورکاروباری روابط کو فروغ دینا ہے اور ادارہ ملکی قوانین اور طے شدہ ضوابط کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ خواتین کے وفد کے لیے نہ تو ایف پی سی سی آئی نے کسی ویزے کی درخواست دی اور نہ ہی اس کی سفارش پر کوئی ویزہ جاری کیا گیا۔ ان کے مطابق ادارے کی پالیسی کے تحت تمام ویزہ ریکمینڈیشن لیٹر مکمل جانچ پڑتال اور میرٹ کی بنیاد پر جاری کیے جاتے ہیں جبکہ اس حوالے سے تمام سفارتخانوں کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف پی سی سی آئی آئندہ بھی پاکستان کے تجارتی وفود کو مکمل شفافیت اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق بھیجنے کے لیے پرعزم رہے گی۔



