سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2026ء) یونیورسٹی آف سرگودھا اور سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے اکڈیمیا انڈسٹری روابط کو فروغ دینے، طلبہ کے لیے انٹرن شپ، روزگار، تحقیق اور سکلز ڈویلپمنٹ کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پردستخط کیےگئے۔ ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں وائس چانسلریونیورسٹی آف سرگودھاپروفیسرڈاکٹر قیصر عباس نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر خواجہ یاسر قیوم نے تقریب کی میزبانی کی۔ تقریب میں پرو وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر ڈاکٹر محمد اشرف، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال سمیت یونیورسٹی اور کاروباری برادری کے نمائندے بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے طلبہ اور فارغ التحصیل گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ، ملازمتوں، صنعتی تربیت، پیشہ ورانہ رہنمائی ، مشترکہ سیمینارز، ورکشاپس، تحقیق، جدت پر مبنی منصوبوں اور مہارتوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ اس اشتراک کا مقصد جامعہ اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بناتے ہوئے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی کامیابیوں، جاری ترقیاتی منصوبوں اور بین الاقوامی روابط پر روشنی ڈالی۔انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے مجوزہ چائنا کیمپس اورسرگودھا میں 600 بستروں پر مشتمل تدریسی ہسپتال کے منصوبے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے سرگودھا چیمبر آف کامرس پر زور دیا کہ وہ سکل ڈویلپمنٹ سینٹر، سینٹر آف ایکسی لینس فارسٹریس ریسرچ اور دیگر شعبوں میں یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک کو مزید وسعت دے تاکہ خطے کی معاشی اور صنعتی ترقی میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ صنعت اور جامعہ کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنانے اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی میں سرگودھاچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین کے لیے ایک خصوصی دفتر قائم کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران سینٹر آف ایکسی لینس فار سٹریس ریسرچ سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں مشترکہ تحقیقی، صنعتی اور ترقیاتی منصوبوں پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔