ایف پی سی سی آئی پر ویزا فروخت سے متعلق الزامات بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں،ایف پی سی سی آئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکریٹری جنرل نے 21 جولائی 2026 کو مقامی روزنامہ میں شائع ہونے والی اس خبر کو دوٹوک، غیر مبہم اور سخت

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکریٹری جنرل نے 21 جولائی 2026 کو مقامی روزنامہ میں شائع ہونے والی اس خبر کو دوٹوک، غیر مبہم اور سخت الفاظ میں مسترد کر دیا ہے، جس میں ایک تجارتی وفد کی آڑ میں ویزا فروخت کرنے اور انسانی اسمگلنگ میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ملک کی اعلیٰ ترین تجارتی تنظیم ایف پی سی سی آئی نے ان الزامات کو من گھڑت، بدنیتی پر مبنی اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش قرار دیتے ہوئے اس بے بنیاد خبر کی شدید مذمت کی ہے۔سیکریٹری جنرل ایف پی سی سی آئی نے کہا ہے کہ مذکورہ خبر سراسر جھوٹی، حقائق کے منافی اور مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہمیشہ اعلیٰ ترین دیانت داری، شفافیت اور قانون کی مکمل پاسداری کے اصولوں کے تحت اپنے امور انجام دیتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف پی سی سی آئی کا مبینہ ویزا اسکینڈل، رقم کی وصولی، انسانی اسمگلنگ یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان کی ممتاز ترین تجارتی تنظیم کے خلاف اس مذموم کردار کشی کی مہم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی بین الاقوامی تجارتی وفود کی نامزدگی، جانچ پڑتال اور تصدیق کے لیے سخت، شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار پر عمل کرتی ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ اعلی صحافتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل اس کی مکمل تصدیق اور چھان بین کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایف پی سی سی ائی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے حقائق کے برعکس خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ادارہ پیکا ایکٹ اور دیگر ملکی قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔



