کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) پاکستان میں مالی سال 2025-26 ٹو اور تھری وہیلر انڈسٹری کے لیے غیرمعمولی کامیابی کا سال ثابت ہوا، جہاں موٹر سائیکلوں کی سالانہ فروخت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ بہتر معاشی سرگرمیوں، صارفین کے اعتماد میں اضافے اور طلب میں نمایاں بہتری کے باعث دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت پہلی مرتبہ 19 لاکھ 30 ہزار یونٹس سے تجاوز کر گئی، جس سے مالی سال 2020-21 کا سابقہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ صنعتی اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران موٹر سائیکل انڈسٹری نے دو سال کی سست روی کے بعد بھرپور بحالی کا مظاہرہ کیا۔ مالی سال 2022-23 اور 2023-24 میں بلند مہنگائی، شرح سود اور قوتِ خرید میں کمی کے باعث فروخت متاثر ہوئی تھی، تاہم گزشتہ مالی سال کے دوران معاشی استحکام اور مارکیٹ میں طلب کی بحالی نے صنعت کو نئی رفتار فراہم کی۔ رپورٹ کے مطابق صارفین کی جانب سے موٹر سائیکلوں کی خریداری میں نمایاں اضافے نے نہ صرف ٹو وہیلر مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا بلکہ آٹو انڈسٹری کی مجموعی کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے۔ ماہرین کے مطابق موٹر سائیکل پاکستان میں عام شہری کے لیے سب سے سستا اور قابلِ رسائی ذریعہ? نقل و حمل ہے، جس کی وجہ سے معاشی حالات میں بہتری کے ساتھ اس کی طلب میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا۔کمپنیوں کی کارکردگی میں اٹلس ہونڈا نے ایک بار پھر مارکیٹ میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے مالی سال 2025-26 کے دوران 16 لاکھ 90 ہزار موٹر سائیکلیں فروخت کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا، جو مجموعی فروخت کا سب سے بڑا حصہ ہے۔ دوسری جانب تھری وہیلر سیکٹر میں بھی مثبت رجحان برقرار رہا۔ سازگار انجینئرنگ نے مارکیٹ لیڈر کی حیثیت برقرار رکھتے ہوئے مالی سال 2025-26 میں 28 ہزار 600 تین پہیہ گاڑیاں فروخت کیں، جس سے اس شعبے میں بھی طلب میں استحکام کا اظہار ہوتا ہے۔ماہرین نے کہاکہ اگر معاشی استحکام برقرار رہا، شرح سود میں مزید کمی آئی اور صارفین کی قوتِ خرید بہتر ہوتی رہی تو رواں مالی سال کے دوران بھی ٹو اور تھری وہیلر مارکیٹ میں ترقی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ مالی سال 2025-26 کو مجموعی طور پر پاکستان کی ٹو وہیلر انڈسٹری کی تاریخ کا کامیاب ترین سال قرار دیا جا رہا ہے۔