لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف)کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس کوٹ لکھپت انڈسٹریل ایریا میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی سربراہی پیاف کے بانی میاں شفقت علی نے کی جبکہ اجلاس کی صدارت پیٹرن اِنچیف انجینئر سہیل لاشاری نے کی۔اجلاس میں چیئرمین پیاف سید محمود غزنوی، سینئر وائس چیئرمین خواجہ کاشف الٰہی، وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن سمیت کور کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ انتخابات سمیت تنظیمی اور دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا ء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ اس سال ووٹرز کی تعداد گزشتہ برسوں کی نسبت نمایاں طور پر زیادہ ہے جس کے باعث لاہور چیمبر کی موجودہ عمارت میں انتخابی عمل کا انعقاد انتہائی دشوار بلکہ ناممکن ہو سکتا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پولنگ کے روز شدید رش، محدود جگہ اور غیر منظم ہجوم کی وجہ سے خصوصاً خواتین ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے باعث ان کی انتخابی عمل میں شرکت بھی متاثر ہوتی ہے۔ پیاف کی کور کمیٹی نے متفقہ طور پر تجویز دی کہ لاہور چیمبر کے آئندہ انتخابات لاہور ایکسپو سینٹر میں الیکشن ایڈمنسٹریٹر کی نگرانی میں منعقد کیے جائیں تاکہ تمام ووٹرز کو آسان، محفوظ، منظم اور شفاف ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع مل سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز کو باضابطہ درخواست ارسال کی جائے گی جس میں مطالبہ کیا جائے گا کہ بڑھتی ہوئی ووٹرز کی تعداد، بہتر انتظامات، خواتین کی سہولت، پارکنگ، سکیورٹی اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے پولنگ کا انعقاد لاہور چیمبر کی بجائے لاہور ایکسپو سینٹر میں کیا جائے۔ اجلاس کے شرکا ء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیاف ہر سطح پر ایسے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی جو لاہور چیمبر کے انتخابات کو زیادہ شفاف، منصفانہ، منظم اور تمام ووٹرز کے لیے سہل بنائیں۔