جب ادارے اور بزنس کمیونٹی یکجا اور ہم خیال ہوتے ہیں تو مسائل حل ہوتے ہیں،ایس ایس پی آپریشنز فیصل آبادرضاء اللہ خان
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ امن وامان کی بحالی، پولیس کلچرمیں تبدیلی اور جرائم کے سو فیصد خاتمہ کیلئے س

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ امن وامان کی بحالی، پولیس کلچرمیں تبدیلی اور جرائم کے سو فیصد خاتمہ کیلئے سیف سٹی کے دائرہ کار میں توسیع ناگزیر ہے۔ سیف سٹی فیصل آباد ریجن کے ایس ایس پی آپریشن رضا اللہ خان نے چیمبر کا دورہ کیا اور صدر سے باہمی تعاون بڑھانے کیلئے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سیف سٹی کے دائرہ کار میں جرائم کی شرح میں 84فیصد جبکہ مجموعی طورپر جرائم میں 74فیصد کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ جب ادارے اور بزنس کمیونٹی یکجا اور ہم خیال ہوتے ہیں تو مسائل حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر کے ممبران کی تعداد 22ہزار ہے جو 128مختلف سیکٹرز کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جرائم کے خلاف کوشاں ہے جبکہ معاشی محاذ پر بزنس کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آبادچیمبر بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ شہریوں کی خدمت کیلئے بھی کوشاں ہے۔ ہسپتالوں میں کئی وارڈ بزنس کمیونٹی نے تعمیر کئے ہیں جبکہ گزشتہ سیلاب کے دوران متاثرین کو ریسکیو کرنے سے لیکر اُن کی بحالی تک چیمبر نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اسی طرح چیمبر کی کوششوں سے فیصل آباد سے کراچی کیلئے روزانہ پروازیں چل رہی ہیں جبکہ حج پروازیں بھی چیمبر کے مطالبے پر شروع کی گئیں۔ انہوں نے امن وامان کی بحالی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ویژن کو سراہا اور کہا کہ سیف سٹی کی طرح کئی غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے جن کی وجہ سے آج فیصل آباد میں ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ امن وامان کی بحالی میں بھی نمایاں بہتری ہوئی۔ انہوں نے سیف سٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ آئندہ باضابطہ میٹنگ کریں گے جس میں بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ انہیں بھی سیف سٹی پراجیکٹ کی کارکردگی بارے آگاہی دی جا سکے۔ ایس ایس پی رضا اللہ خان نے بتایا کہ ریجنل اور سٹی پولیس افسر کی کوششوں سے پولیس اور سیف سٹی مل کر بہترین نتائج دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کی وجہ سے ڈیڑھ سو سے زائد متحرک گینگ پکڑے گئے ہیں جبکہ اب جرائم ہونے سے پہلے ہی متعلقہ پولیس کو آگاہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کی وجہ سے پولیس کلچر میں بھی بہتری آئی ہے۔ پہلے پولیس بارے لوگوں کا تاثر 60سے 70فیصد منفی تھا مگر اب یہ کم ہو کے صرف 10سے 15فیصد رہ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی کا دائرہ کار آئندہ 6سے 7ماہ تک 15سے بڑھا کے 40اضلاع تک پھیلا دیا جائے گا جبکہ عام پولیس کے رویے کی مانیٹرنگ کیلئے فیلڈ ڈیوٹی کرنے والوں کو باڈی کیم بھی دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بسوں اور رکشائوں پر کیو آر کوڈ لگانے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے جس سے سیف سٹی کو گاڑی نمبر کے ساتھ ساتھ ڈرائیور بارے بھی ضروری معلومات مل جائیں گی۔ اس موقع پر نائب صدر انجینئر عاصم منیر ، ایگزیکٹو ممبران مرزا زاہد اقبال اور محمد علی بھی موجود تھے۔



