کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم و آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کی نئی ڈیفینیشن ایک بروقت، مثبت اور کاروبار دوست فیصلہ ہے۔ نئی درجہ بندیاں بڑھتی ہوئی کاروباری لاگت، مہنگائی اور روپے کی قدر میں تبدیلی کے بعد پیدا ہونے والے معاشی حقائق سے زیادہ مطابقت رکھتی ہیں اور ان سے مزید کاروباری اداروں کو ایس ایم ای فنانسنگ اور سہولتوں تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 جولائی 2026 سے نافذ نئی تعریف کے مطابق تین کروڑ روپے تک سالانہ فروخت رکھنے والا کاروبار مائیکرو انٹرپرائز، تین کروڑ سے زیادہ اور چالیس کروڑ روپے تک فروخت والا ادارہ سمال انٹرپرائز جبکہ چالیس کروڑ سے زیادہ اور دو ارب روپے تک سالانہ فروخت رکھنے والا ادارہ میڈیم انٹرپرائز شمار ہوگا۔ وہ کاروباری ادارے جو مسلسل پانچ سال سے کاروبار کر رہے ہوں اسٹارٹ اپ قرار پائیں گے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ یہ فیصلہ خاص طور پر ان کاروباروں کے لیے فائدہ مند ہوگا جن کا ٹرن اوور قیمتوں میں اضافے کے باعث بڑھ گیا تھا، مگر ان کی مالی اور انتظامی استعداد بڑے کارپوریٹ اداروں کے برابر نہیں تھی۔ تاہم نئی درجہ بندی قرض کی خودکار منظوری نہیں ہے۔ بینک بدستور کیش فلو، کریڈٹ ہسٹری، ادائیگی کی صلاحیت اور رسک پروفائل کی بنیاد پر درخواستوں کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2026 میں ایس ایم ای فنانسنگ تقریباً 854 ارب روپے تھی، جو ملکی نجی شعبے کی مجموعی فنانسنگ کا صرف 7.63 فیصد بنتی تھی، جبکہ قرض لینے والے ایس ایم ایز کی تعداد تقریباً 312,355 تھی۔ یہ اعداد ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں ایس ایم ای قرض رسانی کی گنجائش بہت زیادہ ہے۔ نظرثانی شدہ ضوابط میں مکمل درخواست کو 15 کاروباری دنوں میں پراسیس کرنے، ڈیجیٹل درخواست، کریڈٹ اسکورنگ اور کیش فلو پر مبنی فنانسنگ کی بھی گنجائش دی گئی ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ اسٹیٹ بینک، اسمیڈا، ایف بی آر اور ایس ای سی پی، ایس ایم ای کی مختلف تعریفیں اور حدود استعمال کرتے ہیں جن کی وجہ سے چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کے لیے کنفیوڑن پیدا ہوتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام قومی ادارے ایس ایم ای کی ایک ہی تعریف اپنائیں اور اس کے مطابق اپنی پالیسیاں ترتیب دیں۔ اس وقت اسٹیٹ بینک کی تعریف سالانہ فروخت پر مبنی ہے، جبکہ اسمیڈا اور ایف بی آر ایس ایم ای کے لیے مختلف معیار اپناتے ہیں۔ ایف بی ار کے ٹیکس نظام میں بنیادی طور پر مینوفیکچرنگ کے کاروبار شامل ہیں، جن کا سالانہ ٹرن اوور پچیس کروڑ روپے سے زیادہ نہ ہو۔ اس میں دس کروڑ روپے تک کے کاروبار کو کیٹیگری ون اور دس سے پچیس کروڑ روپے تک کو کیٹیگری ٹو میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ای سی پی کی ایس ایم ای درجہ بندی مالیاتی رپورٹنگ کے مقاصد کے لیے ادا شدہ سرمایہ، سالانہ ٹرن اوور اور ملازمین کی تعداد کو مدنظر رکھتی ہے جس میں چھوٹی نجی کمپنی کے لیے ٹرن اوور کی حد دس کروڑ روپے جبکہ درمیانی نجی کمپنی کے لیے ایک ارب روپے سے کم ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی نئی ٹرن اوور حدود کو قومی سطح پر بنیادی درجہ بندی کے طور پر اپنایا جانا ضروری ہے کیونکہ یہ سادہ، جدید اور شعبہ جاتی طور پر غیر جانب دار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت صنعت، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایس ای سی پی اور سمیڈا ایک مشترکہ بنیادی تعریف، مرکزی ایس ایم ای رجسٹری اور ہر تین سال بعد حدود کے جائزے کا نظام قائم کریں۔ یکساں شناخت سے کاروباروں کی تعمیل آسان، سرکاری اعدادوشمار قابل اعتماد اور فنانسنگ، ٹیکس مراعات، سرکاری خریداری اور ترقیاتی پروگراموں تک رسائی زیادہ شفاف ہوسکے گی۔