لاہور چیمبر آف کامرس میں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سمٹ کے حوالے سے اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سمٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے ا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سمٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں نائب صدر خرم لودھی، پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طلعت پاشا، فارمن کرسچین کالج یونیورسٹی کے ریکٹر، منگولیا میں سابق امریکی سفیر ڈاکٹر جوناتھن ایڈلٹن، پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل سارہ رشید، لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن عبدالمجید، اسٹینڈنگ کمیٹی برائے گلوبل انویسٹمنٹ اینڈ فیسیلیٹیشن کے کنوینئر سمیع اللہ سمی، ڈاکٹر بو عبداللہ، سہیل نور، امیل گلزار، طارق عصمت، عریشہ منصور اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پائیدار سرمایہ کاری لانے کے لیے طویل المدتی معاشی پالیسیوں اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کو تقریبا ً1.64 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل ہوئی، جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈونیشیاء کو 22 ارب ڈالر، ویتنام کو 20 ارب ڈالر اور ملائیشیاء کو 16 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی صارف مارکیٹ اور وسطی ایشیاء تک رسائی کا اہم دروازہ ہے، جس کی وجہ سے یہاں سرمایہ کاری اور تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان کی ترسیلات زر کا تقریبا 60ً فیصد حصہ خلیجی ممالک سے آتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں جاری تنازعات اور غیر یقینی صورتحال ان ترسیلات کو متاثر کر سکتی ہے، اس لیے پاکستان کو برآمدات بڑھانے اور زرمبادلہ کے نئے ذرائع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی فنی اور پیشہ ورانہ تربیت، پیداواری صلاحیت میں اضافے، برآمدات کے فروغ اور درآمدی اخراجات میں کمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے انسانی وسائل کی بہتری اور طویل المدتی منصوبہ بندی ناگزیر ہے ۔پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طلعت پاشا نے کہا کہ اتھارٹی کا مقصد عوامی صحت کا تحفظ، تجارت کو فروغ دینا اور جدید تحقیق کے ذریعے جدت لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ PAFDA کو ایک جدید ادارے کے طور پر قائم کیا گیا ہے جو ریگولیٹری نگرانی، تجارتی سہولت کاری، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں خدمات فراہم کرے گا۔ یہ ادارہ زراعت، خوراک، فیڈ، ادویات اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کے مطابق ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن کی سہولت فراہم کرے گا ۔ڈاکٹر طلعت پاشا نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ویکسیئنز، کاسمیٹکس، بایومیڈیکل ڈیوائسز، سرجیکل امپلانٹس اور ہربل مصنوعات کی جدید ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ زراعت، خوراک اور ادویات کے شعبوں کے لیے جینومکس لیبارٹری بھی قائم کی جا رہی ہے۔فارمن کرسچین کالج یونیورسٹی کے ریکٹر اور سابق امریکی سفیر ڈاکٹر جوناتھن ایڈلٹن نے تعلیم اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ہنر مند افرادی قوت، جدت و قیادت کی تیاری میں بنیادی کردار ادا کرتے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی اور جنوبی ایشیاء کے درمیان رابطے کے حوالے سے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، اسے وسطی ایشیاء کے ساتھ تجارتی اور معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہیے ۔ڈاکٹر جوناتھن ایڈلٹن نے بتایا کہ FCCU میں اس وقت تقریبا 10 ہزار طلبہ زیر تعلیم اور یونیورسٹی بین الاقوامی معیار کی تعلیم کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ نیو انگلینڈ کمیشن آن ہائر ایجوکیشن کی منظوری حاصل کرنے کے عمل سے گزر رہا ہے، جو ہارورڈ، ییل اور ایم آئی ٹی جیسے اداروں کو بھی تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اپنی بین الاقوامی شراکت داریوں اور مختلف عالمی اداروں کے تعاون سے پاکستان میں تعلیمی سرمایہ کاری، اسکالرشپس اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔اجلاس کے شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہتر ماحول، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے استحکام، ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور بین الاقوامی تجارتی روابط کے فروغ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔



