ایس ایم ایز کے معاونتی اقدامات کی آگاہی کیلئے سمیڈا کی ’’ایکسپو فیصل آباد ‘‘ میں شرکت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) نے اپنے فلیگ شپ ایونٹ ’’میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس ایکسپو 2026‘‘ کی شاندار کامیابی اور ’’میڈ

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) نے اپنے فلیگ شپ ایونٹ ’’میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس ایکسپو 2026‘‘ کی شاندار کامیابی اور ’’میڈ اِن گوجرانوالہ نمائش 2026‘‘ میں کاروباری افراد کی موثر معاونت کے تسلسل میں لاہور میں منعقدہ ایکسپو فیصل آباد 2026 میں شرکت کے ذریعے پاکستان کے مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں سے اپنے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آگاہی سٹال اور سیمینار کا اہتمام کیا ہے ۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی یہ تین روزہ نمائش جمعہ کے روز ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہوئی۔نمائش کے شراکت دار کی حیثیت سے سمیڈا نے ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیا ہے، جہاں کاروباری افراد اور نمائش کے شرکاء کو سمیڈا کے نمایاں اقدامات، مشاورتی خدمات اور کاروباری ترقی کے پروگراموں کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس ہیلپ ڈیسک کا مقصد غیر رسمی کاروباری اداروں کو ایس ایم ای رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے بلا معاوضہ رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرتے ہوئے انہیں باضابطہ کاروباری نظام کا حصہ بننے کی ترغیب دینا بھی ہے۔سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ نے اپنے بیان میں کہا کہ سمیڈا وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے جامع اور ہمہ گیر معاشی ترقی کے ویژن کے مطابق ملک کے مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو جدت، کاروباری سمیت اور توسیع کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ سمیڈا کے نزدیک ایکسپو فیصل آباد 2026 جیسی نمائشیں محض کاروباری مصنوعات کی نمائش نہیں بلکہ باہمی تعاون، سیکھنے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے موثر پلیٹ فارم ہیں۔انہوں نے کہاکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہمارا مقصد کاروباری افراد کو عملی معاونت فراہم کرنا، کاروباروں کو باضابطہ معیشت کا حصہ بننے کی ترغیب دینا اور ایم ایس ایم ایز کو ایسی معلومات اور مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے جو انہیں موجودہ مسابقتی کاروباری ماحول میں کامیابی دلانے میں مددگار ثابت ہوں۔



