لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2026ء) آرگینک زراعت اور مصنوعات پر تحقیق کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ’’سانجھی سبزی‘‘منصوبے کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نہ صرف ایک منفرد فلاحی منصوبہ ہے بلکہ کمیونٹی پارٹنرشپ کی بھی بہترین مثال ہے،اگر حکومت اس منصوبے میں مرحلہ وار آرگینک کاشتکاری کو بھی شامل کر لے تو عوام کو زیادہ محفوظ، معیاری اور صحت بخش سبزیاں فراہم کی جا سکتی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس منصوبے کو صوبہ بھر میں توسیع دے گی ، تجویز ہے حکومت پنجاب کے مضافات اور دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو نہ صرف اپنے استعمال کے لئے آرگینک سبزیاں کاشت کرنے کی جانب راغب کرے بلکہ انہیں شہری علاقوں کے رہائشیوں کو فروخت کرنے کیلئے تجارتی بنیادوں پر کاشت کے لئے بھی مراعات اور سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کی ترقی کے لئے جس طرح دو رس نتائج کے حامل منصوبوں کا آغاز کر رہی ہیں امید ہے آرگینک زراعت کے لئے بھی پیشرفت کی جائے گی ۔حکومت آرگینک سبزیوں کی پیداوار، کسانوں کی تربیت، سرٹیفکیشن اور ویلیو چین کی ترقی کے لیے سرپرستی کرے۔ پنجاب میں زرخیز زمین، موزوں آب و ہوا اور افرادی قوت موجود ہے جس کی بدولت آرگینک زرعی مصنوعات کی پیداوار اور برآمدات کے وسیع مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ نجم مزاری نے کہا کہ اگر آرگینک فارمنگ کو سرکاری سطح پر موثر پالیسی اور معاونت حاصل ہو تو مستقبل میں پنجاب نہ صرف ملکی سطح پر معیاری آرگینک سبزیوں اور زرعی مصنوعات کی ضروریات پوری کر سکتا ہے بلکہ بین الاقوامی منڈیوں میں بھی اپنی برآمدات بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور صوبے کی معیشت کو تقویت مل سکتی ہے۔