لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2026ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران ، امریکہ جنگ کے باعث پیٹرولیم کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کیبعد حکومت موٹر سائیکل سواروں اور کمرشل ٹرانسپورٹ کے لیے دوبارہ پیٹرول سبسڈی سکیم کا اجرا ء کرے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے تاجروں،عام شہریوں، مزدور طبقے اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ حکومت فوری طور پر ریلیف اقدامات کرے تاکہ مہنگائی کے مزید اثرات کو کم کیا جا سکے۔ شہزاد اشرف بھٹی نے کہا کہ اگر پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے آگے بند نہ باندھا گیا تو حالات انتہائی مشکل ہو جائیں گے اور کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوں گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر سبسڈی سکیم بحال کی جائے تاکہ عام شہریوںاور کمرشل ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کو ریلیف مل سکے جس سے مہنگائی کے اثرات کم ہوں گے۔