لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2026ء) سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ غیر معمولی حد تک سخت پالیسیاں، اداروں کی جارحانہ انفورسمنٹ اور ٹیکسوں کی بلند شرح معیشت کو دستاویزی بنانے کے بجائے اس عمل میں بڑی رکاوٹ بن چکی ہیں ،ایف بی آر کا نفاذی نظام زیادہ تر پہلے سے دستاویزی شعبوں، کارپوریٹ اداروں، صنعت کاروں، بینکوں، درآمد کنندگان اور تنخواہ دار طبقے تک محدود ہے جبکہ معیشت کا ایک بڑا غیر دستاویزی حصہ آج بھی موثر ٹیکس نیٹ سے باہر ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر نئے فنانس ایکٹ کے ذریعے انہی ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈال دیا جاتا ہے جو پہلے ہی قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر رہے ہیں جس سے ٹیکس نیٹ میں توسیع کے بجائے ٹیکس کے بوجھ کا ارتکاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہول سیل، ریٹیل، زرعی، رئیل اسٹیٹ اور نقد لین دین پر مشتمل کئی شعبے اب بھی مکمل طور پر دستاویزی نہیں بن سکے۔ علی عمران آصف نے کہا کہ صرف ٹیکس وصولیوں کے اعداد و شمار کو کامیابی قرار دینا درست نہیں بلکہ ٹیکس بہ نسبت جی ڈی پی، ٹیکس نیٹ کی وسعت، بروقت ریفنڈز اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی جیسے اشاریے حقیقی کارکردگی کا معیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹیکسوں کی کمی نہیں بلکہ ٹیکس ادا کرنے کے قابل معاشی نمو کی ضرورت ہے۔ جب تک حکومت سخت پالیسیوں کے بجائے کاروبار دوست اصلاحات، ٹیکس نظام میں آسانی اور غیر دستاویزی معیشت کو اعتماد کے ساتھ ٹیکس نیٹ میں لانے پر توجہ نہیں دے گی، اس وقت تک ریکارڈ ٹیکس وصولیاں محض اعداد و شمار کی کامیابی رہیں گی انہیں حقیقی معاشی اصلاحات کے نتیجے کے طو رپر پیش نہیں کیا جا سکتا۔