بنگلہ دیشی ڈپٹی ہائی کمشنر کا پاکستانی صنعتکاروں پر دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے پر زور
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) بنگلہ دیش کے کراچی میں مقرر ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہ

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) بنگلہ دیش کے کراچی میں مقرر ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھا کر تجارت و سرمایہ کاری کے بے شمار غیر استعمال شدہ مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی صنعتکاروں کو بنگلہ دیش کا دورہ کرکے وہاں موجود تجارتی و سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کی دعوت دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرحمان فدا کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پرکہی۔ وفد میں سینئر نائب صدر احمد ذوالفقار چوہدری، نائب صدر محمد طاہر گوریجا، سابق صدر عبدالرشید اور چیئرمین انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ ڈپلومیٹک افیئرز کمیٹی جنید الرحمان وفد میں شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے، قابلِ تجارت مصنوعات کے دائرہ کار کو وسعت دینے، کاروباری وفود کے تبادلوں کو مؤثر بنانے اور تجارتی سہولتوں میں اضافے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔



