لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) وفاقی ٹیکس محتسب (پنجاب) کے ڈائریکٹر جنرل ریاض حمید چوہدری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات کی اور کاروباری برادری کو ٹیکس ودیگر سرکاری محکموں سے متعلق مسائل کے حل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب کے ڈائریکٹر طاہر ضمیر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ٹیکس دہندگان کی سہولت، شکایات کے ازالے کے نظام اور دونوں اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے امور پر بات چیت ہوئی۔صدرلاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو اکثر انتظامی اور طریقہ کار سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن کے بروقت حل کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اداروں کے درمیان مضبوط تعاون سے شکایات کے حل اور خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ڈائریکٹر جنرل ریاض حمید چوہدری نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ ٹیکس دہندگان کو انتظامی کوتاہیوں اور غیر ضروری تاخیر کے باعث پیش آنے والی مشکلات سے فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ شکایات کے حل اور ٹیکس دہندگان کے ساتھ منصفانہ سلوک یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز مسائل کو شفاف اور موثر طریقے سے حل کرنا ضروری ہے ۔ریاض حمید چوہدری نے بتایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کا موثر نظام موجود ہے، ٹیکس دہندگان اپنی شکایات آن لائن سمیت مختلف ذرائع سے جمع کرا سکتے ہیں جبکہ علاقائی دفاتر بھی عوام کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ملاقات میں اتفاق ہوا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفتر میں وفاقی ٹیکس محتسب کا ایک سہولت دفتر قائم کیا جائے گا۔ یہ دفتر ٹیکس دہندگان کو رہنمائی فراہم کرے گا، شکایات درج کرانے میں مدد اور متعلقہ اداروں سے رابطے کے ذریعے مسائل کے جلد حل کو یقینی بنائے گا۔