پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے آزاد جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ بندش سے متاثرہ طلبہ کی ایم ڈی کیٹ میں شرکت یقینی بنانے کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس مقصد کیلئے پی ایم ڈی سی نے اسلام آباد میں الگ امتحانی مرکز قائم کر دیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں پی ایم ڈی سی کا ذیلی دفتر قائم کرنے پر بھی اصولی اتفاق کر لیا گیا ہے۔
یہ فیصلے سیکریٹری صحت حکومت آزاد جموں و کشمیر بریگیڈیئر عامر رضا اور جوائنٹ ایڈمیشن کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر کی صدر پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج، رجسٹرار بریگیڈیئر (ر) ریحان نقوی اور ڈائریکٹر ایڈمیشن افیئرز ڈاکٹر امداد علی خوشک سے ملاقات کے دوران کیے گئے، جس میں آزاد کشمیر کے طلبہ کو ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن میں درپیش مشکلات اور ان کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔