لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2026ء) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ صنم جنگ نے بتایا ہے کہ مجھے پاکستان آئے ہوئے 1ماہ ہو گیا ہے اس دوران مجھ پر 6بار ڈرائیونگ کا جرمانہ لگ چکا ہے اور ایسی چیزوں پر بھی جرمانہ ہوا جو میں نے کی ہی نہیں۔صنم جنگ نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کراچی میں ای چالان سسٹم کے باعث پیش آنے والے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں 6جرمانے ہونے پر ان کے والد بھی خاصے ناراض ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا جرمانہ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون پر بات کرنے کی وجہ سے ہوا، جسے انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس پر جرمانہ بنتا تھا۔تاہم اداکارہ کے مطابق بعد ازاں ان پر ایسے جرمانے بھی عائد کیے گئے جن کا انہوں نے ارتکاب نہیں کیا، جن میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے کا چالان بھی شامل ہے۔ صنم جنگ نے کہا کہ وہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر گاڑی چلاتی ہیں کیونکہ بیرونِ ملک رہنے کے باعث یہ ان کی مستقل عادت بن چکی ہے اور وہ سیٹ بیلٹ لگائے بغیر گاڑی اسٹارٹ بھی نہیں کرتیں۔اداکارہ نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ جن کاموں کا انہوں نے ارتکاب ہی نہیں کیا، ان پر بھی جرمانے کیوں کیے جا رہے ہیں جبکہ اس صورتحال پر انہیں گھر میں ڈانٹ بھی سننا پڑ رہی ہے۔