ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2026ء) بالی ووڈ اداکار پاریش راول نے فلم ہیرا پھیری 3 سے علیحدگی کے بعد اکشے کمار کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ ذاتی اختلاف نہیں بلکہ معاہدے سے متعلق تھا۔ ایک انٹرویو میں پاریش راول نے کہا کہ میرا فلم چھوڑنے کا تعلق اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے میں کسی قسم کی ناخوشی سے نہیں تھا، ہیرا پھیری فرنچائز کے واحد مالک پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا ہیں، اس لئے ان کی منظوری کے بغیر میں فلم کیلئے حتمی رضامندی نہیں دے سکتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب مجھے قانونی نوٹس موصول ہوا تو میں نے سوچا کہ میں فلم بنانے آیا ہوں، قانونی تنازعات میں الجھنے نہیں، اسی لئے منصوبے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔پاریش راول نے کہا کہ میرے خیال میں اکشے کمار کی جانب سے بھیجا گیا 25 کروڑ بھارتی روپے کا قانونی نوٹس ایک جذباتی ردعمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ اکشے کمار کو میرے انکار پر دکھ پہنچا ہو، تاہم بعد میں دونوں نے ایک ساتھ کام بھی کیا اور معاملہ باہمی احترام کیساتھ ختم ہو گیا۔