کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2026ء) میزبان و اداکارہ صنم جنگ نے بتایا ہے کہ مجھے پاکستان آئے 1 ماہ ہو گیا ہے اس دوران مجھ پر 6 بار ڈرائیونگ کا جرمانہ لگ چکا ہے ، ایسی چیزوں پر بھی جرمانہ ہوا جو میں نے کی ہی نہیں ۔سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر شیئر ویڈیو میں صنم جنگ نے کراچی میں ای چلان نظام کے نافذ ہو جانے کی وجہ سے در پیش مشکلات بتائیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1 مہینے میں مجھ پر 6 جرمانے ہونے پر میرے ابو بہت غصے میں ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ پہلی بار جو جرمانہ ہوا، وہ فون پر بات کرنے پر ہوا جو کہ میری غلطی تھی، میں فون پر بات کر رہی تھی تو سمجھ آتی ہے کہ جرمانہ بنتا تھا لیکن اس کے بعد مجھ پر ایسی چیزوں کے بھی جرمانے ہو رہے ہیں جو میں نے کی ہی نہیں جیسے کہ سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر بھی جرمانہ ہوا۔ اٴْنہوں نے بتایا کہ میں سیٹ بیلٹ ہمیشہ پہن کر رکھتی ہوں کیونکہ پاکستان سے باہر رہنے کی وجہ سے یہ میری عادت بنی ہوئی ہے، میں سیٹ بیلٹ پہننے کے بعد ہی گاڑی چلانا اسٹارٹ کرتی ہوں۔صنم جنگ نے بتایا اب مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ یہ کیا سین ہے کہ جو کام آپ نے نہیں کیا اس پر بھی جرمانہ ہو رہا ہے اور مجھے گھر پر ڈانٹ الگ پڑ رہی ہے۔