ایرانی حملوں کی حمایت کا جرم؛ بحری نے ملزم کو 5 سال قید کی سزا سنا دی
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2026ء) بحرین کی اعلیٰ عدالت نے مملکت پر ایران کے دہشت گردانہ حملوں کی سوشل میڈیا پر کھلم کھلا حمایت، تعریف اور وائرل مواد کی اشاعت کے جرم میں ایک ملزم کو 5 سال قیدِ اور 2 ہزار

منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2026ء) بحرین کی اعلیٰ عدالت نے مملکت پر ایران کے دہشت گردانہ حملوں کی سوشل میڈیا پر کھلم کھلا حمایت، تعریف اور وائرل مواد کی اشاعت کے جرم میں ایک ملزم کو 5 سال قیدِ اور 2 ہزار بحرینی دینار جرمانے کی سزا سنا دی، عدالت نے ملزم کے تمام برآمد شدہ الیکٹرانک آلات اور سکیورٹی ڈیوائسز کو بھی بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق اینٹی کرپشن اینڈ اکنامک اینڈ الیکٹرانک سکیورٹی کے تحت قائم سائبر کرائم ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ایک انٹیلی جنس رپورٹ موصول ہوئی جس میں ایک خاص سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی نشاندہی کی گئی تھی، مذکورہ اکاؤنٹ سے ایسی تصاویر، ویڈیوز اور تحریری پیغامات پوسٹ اور شیئر کیے جا رہے تھے جن میں بحرین پر ہونے والے ایرانی حملوں کو سراہا اور ان کا جواز پیش کیا جا رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پبلک پراسیکیوشن نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا، گواہوں کے بیانات قلمبند کیے اور ماہرین کی ٹیم سے الیکٹرانک ڈیوائسز کا فورنزک معائنہ کروایا، جس میں ملزم پر عائد تمام الزامات اور جرم کے تمام تکنیکی شواہد ثابت ہو گئے، پبلک پراسیکیوشن نے عدالتی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ قانون کے تحت رائے اور اظہارِ رائے کی آزادی کی مکمل ضمانت حاصل ہے، تاہم سوشل میڈیا کا استعمال ہر صورت قانونی حدود اور ملک کی سکیورٹی کے دائرے میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی تعریف کرنا، انہیں صحیح ٹھہرانا یا ان کی تشہیر کرنا ایک سنگین قابلِ تعزیر جرم ہے کیونکہ یہ اقدامات ملک کی قومی سلامتی، امن و امان اور معاشرتی بھائی چارے کو نقصان پہنچاتے ہیں، تمام شہری اور غیرملکی مقیمین سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری کے ساتھ کریں، ایسی کسی بھی سرگرمی سے باز رہیں جو مملکتِ بحرین کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بنے۔



