پاکستان کے پہلے سفیر برائے آرمینیا شفقت علی خان نے صدر کو سفارتی اسناد پیش کردیں
پاکستان کے آرمینیا میں پہلے سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر واغن خاچاطوریان کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔ تقریب آرمینیا کے دارالحکومت یریوان میں صدارتی محل میں منعقد ہوئی۔ صدر خاچاطوریان نے سفیر شفقت علی خان کا خیر

پاکستان کے آرمینیا میں پہلے سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر واغن خاچاطوریان کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔ تقریب آرمینیا کے دارالحکومت یریوان میں صدارتی محل میں منعقد ہوئی۔ صدر خاچاطوریان نے سفیر شفقت علی خان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے انجام دینے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور آرمینیا کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سفیر شفقت علی خان نے صدر آرمینیا کو صدر اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، عوامی روابط اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے وسیع امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تجارت ارات میرزویان اور نائب وزیر خارجہ مناتسکان سفاریان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، علاقائی و عالمی امور اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان اور آرمینیا کے درمیان 2025 میں سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سفیر کی سطح پر یہ تعیناتی دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی گئی ہے۔ سفیر شفقت علی خان بیک وقت متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر اور آرمینیا کے لیے غیر مقیم سفیر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔



