دبئی: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) سیزن 3 کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، لیگ 3 سے 18 اکتوبر 2026 تک دبئی اور شارجہ میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ میں 7 ٹیمیں 24 میچز کھیلیں گی جبکہ بنگلہ دیش چیمپئنز پہلی مرتبہ WCL کا حصہ بنے گی۔ لیگ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 اکتوبر بروز ہفتہ شام 7:30 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ گزشتہ سال بھارت کے کھیلنے سے انکار کے باعث WCL میں پاک بھارت مقابلہ نہیں ہوسکا تھا، تاہم اس بار شائقین کو دونوں روایتی حریفوں کے سابق اسٹارز کو ایک بار پھر میدان میں ایک دوسرے کے مدمقابل دیکھنے کا موقع ملے گا۔ 10 اکتوبر کا پاک بھارت ٹاکرا کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جبکہ پاکستانی شائقین پاکستان چیمپئنز کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔