ڈبلن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 12 ستمبر 2026ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سعودی پائپ لائن حملے میں غالباً ایران ملوث ہے، ایران کے ساتھ جنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی پائپ لائن حملے میں غالباً ایران ملوث ہے، سعودی ولی عہد اچھے دوست ہیں، سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، ایران کے ساتھ جنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوگی، حوثی ہمارے ساتھ لڑنا نہیں چاہتے، ایران کے ساتھ جنگ ختم ہوتے ہی تیل کی قیمتیں تیزی سے گر جائیں گی۔ صدر ٹرمپ نے غزہ میں جنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ وہاں امن آگے بڑھ رہا ہے۔ اسی طرح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہرمز بحران اور سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی خطرات پر مکمل بہتری کا عندیہ دیدیا۔