متحدہ عرب امارات میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈ سروسز کا آغاز
متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پنجاب میں زمین اور جائیداد سے متعلق خدمات تک رسائی آسان بنانے کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈ سروسز کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ پاکستانی سفارتخانے ابوظہبی اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان د

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پنجاب میں زمین اور جائیداد سے متعلق خدمات تک رسائی آسان بنانے کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈ سروسز کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ پاکستانی سفارتخانے ابوظہبی اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی نے پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) کے تعاون سے یہ سہولت متعارف کرائی ہے، جو اب سفارتخانے اور قونصلیٹ جنرل دونوں میں دستیاب ہوگی۔ سروس کے آغاز کے بعد دونوں پاکستانی مشنز کی جانب سے فرد (Fard) کے اجرا کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے، جس سے نئی سہولت کے عملی طور پر فعال ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔ اس اقدام کے تحت متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کو پنجاب میں زمین کے ریکارڈ اور جائیداد سے متعلق ضروری خدمات حاصل کرنے کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ اس سہولت کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو آسان، شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کرنا اور اہم سرکاری سہولیات کو ان کی دہلیز کے قریب لانا ہے۔ سفارتخانے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں PLRA خدمات کا آغاز حکومتِ پاکستان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل سہولت کاری اور عوامی خدمات تک رسائی بہتر بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ سہولت سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند پاکستانی شہری مزید معلومات کے لیے پاکستانی سفارتخانے ابوظہبی اور قونصلیٹ جنرل دبئی کی 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائنز سے رابطہ کرسکتے ہیں یا دفتری اوقات میں متعلقہ مشن کا دورہ کرسکتے ہیں



