دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2026ء) قطر کے سابق امیر اور بانیِ جدید قطر فادر امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، قطری شاہی دیوان نے اتوار کی صبح ان کے باضابطہ انتقال کا اعلان کرتے ہوئے اسے قوم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق قطر کے امیری دیوان کی جانب سے جاری کردہ ایک تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم فادر امیر عالی ذی وقار شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اللہ ان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، آج صبح اس فانی دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں، اللہ کی رضا، تقدیر اور فیصلے پر غیر متزلزل ایمان کے ساتھ امیری دیوان قوم کے اس عظیم نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس اچانک اور اندوہناک خبر کے سامنے آتے ہی پورے قطر اور عرب دنیا میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی اور عالمی رہنماؤں کی جانب سے قطری قیادت سے تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995ء سے 2013ء تک قطر کے امیر کی حیثیت سے حکومت کی، انہیں تیل اور گیس سے مالا مال اس خلیجی ملک کی غیر معمولی اور حیران کن ترقی کا اصل معمار تسلیم کیا جاتا ہے، ان کے دورِ اقتدار میں قطر نے بے پناہ اقتصادی، سماجی اور ثقافتی ترقی دیکھی، انہوں نے قطر کی چھوٹی سی ریاست کو معاشی طور پر اتنا مضبوط اور مستحکم بنایا کہ بین الاقوامی برادری میں قطر کا وقار اور رتبہ بہت بلند ہو گیا۔ فادر امیر شیخ حمد کی دور اندیش پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج قطر کا سیاسی اثر و رسوخ محض خلیج تک محدود نہیں بلکہ شمالی افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور پورے ایشیا تک پھیلا ہوا ہے، قطر آج دنیا بھر میں تنازعات کے حل کے لیے ایک اہم ثالث کار کا کردار ادا کر رہا ہے، شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کا سب سے بڑا عالمی کارنامہ قطر کو فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی دلانا تھا، سال 2022ء میں قطر نے دنیا کے سب سے بڑے اور سب سے زیادہ دیکھے جانے والے فٹ بال ٹورنامنٹ مینز فیفا ورلڈ کپ کی شاندار میزبانی کرکے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ یہی وجہ ہے کہ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کے دوران جب فادر امیر شیخ حمد اسٹیڈیم میں تشریف لائے تو وہاں موجود ہزاروں فٹ بال شائقین اور قطری عوام نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور ان کا والہانہ استقبال کیا، جو ان کی اپنی عوام کے دلوں میں بے پناہ محبت کا ثبوت تھا، فادر امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 2013ء میں اپنی زندگی ہی میں اقتدار اپنے بیٹے اور موجودہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے سپرد کر دیا تھا، تاہم وہ ملک کے معاملات میں ایک سرپرست اور ’فادر امیر‘ کی حیثیت سے ہمیشہ محترم رہے، ان کا انتقال قطر کی تاریخ کے ایک عظیم باب کا خاتمہ ہے۔