ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جولائی 2026ء) سعودی حکومت نے سیاحت اور عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ایک بڑا اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کو بھی اپنے نئے پیکیج ویزہ پائلٹ پروجیکٹ میں شامل کرلیا، اس نئے اور جدید ڈیجیٹل ویزہ نظام کے تحت اب بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو فلائٹ، ہوٹل کی رہائش، ہیلتھ انشورنس اور ای ٹورسٹ ویزہ الگ الگ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ یہ تمام سہولیات رجسٹرڈ ایجنٹس کے ذریعے صرف ایک ہی بکنگ میں یکجا کر دی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارتِ سیاحت کی جانب سے شروع کیے جانے والے اس جدید پائلٹ پروجیکٹ کے ابتدائی مرحلے میں دنیا کے صرف 7 مخصوص ممالک کو شامل کیا گیا ہے، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان بھی ان اولین ممالک کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے، یہ ویزہ صرف سعودی حکومت سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے ہی بک کروایا جا سکے گا، سعودی حکومت کے اس نئے اقدام سے جہاں ویزہ کے حصول کا عمل تیز رفتار اور خودکار ہو جائے گا، وہاں مسافروں کو فلائٹس اور ہوٹل کی الگ الگ بکنگ کے جھنجھٹ سے بھی بڑی راحت ملے گی۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی مسافروں کیلئے اس نئے پیکیج ویزہ کے تحت فی بالغ فرد کے لیے پہلے دو دنوں کا کم از کم پیکیج کا خرچہ 4 ہزار سعودی ریال مقرر کیا گیا ہے، اگر کوئی مسافر دو دن سے زیادہ قیام کرنا چاہتا ہے تو اسے ہر اضافی دن کے لیے 1 ہزار سعودی ریال الگ سے ادا کرنے ہوں گے، ای ٹورسٹ ویزہ فیس اور لازمی ہیلتھ انشورنس کی کل لاگت 402.21 سعودی ریال ہوگی جو پیکیج کے علاوہ ہوگی۔ سعودی حکام نے اس پیکیج ویزہ کا فائدہ اٹھانے والے مسافروں کے لیے کچھ لازمی شرائط بھی عائد کی ہیں جن کے تحت مسافروں کے لیے لازم ہے کہ وہ فلائٹ کی ٹکٹ کے ساتھ ساتھ سعودی وزارتِ سیاحت سے منظور شدہ کم از کم 4 اسٹار یا اس سے اعلیٰ کیٹیگری کے ہوٹل کی بکنگ کروائیں، پیکیج کی تمام تر ادائیگی اور بکنگ کا عمل پاکستان سے روانگی سے کم از کم 48 گھنٹے پہلے مکمل کرنا لازمی ہوگا۔