ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 14 جولائی 2026ء ) متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز کے متبادل تجارتی راستہ تیار کرنے کیلئے نئی بندرگاہ بنانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے، نئی بندرگاہ سے دبئی کی بندرگاہوں پر انحصار کم ہوگا، یواےای نے مشرقی ساحلی ریاست فجیرہ میں نئی بندرگاہ قائم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اماراتی لاجسٹک کمپنی کا مشرقی ساحل پر نئی بندرگاہ کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ نئی بندرگاہ کا مقصد دبئی کی جبل علی بندرگاہ پر انحصار کم کرنا ہے۔ دبئی کی معروف بندرگاہ کمپنی ڈی پی ورلڈ اس منصوبے پر کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ منصوبے کے تحت نہ صرف فجیرہ میں نئی بندرگاہ تعمیر کی جائے گی بلکہ موجودہ پورٹ آف فجیرہ میں ایک جدید کنٹینر ٹرمینل بھی قائم کیا جائے گا، تاکہ درآمدی اور برآمدی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا سکے۔