دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2026ء) پاکستان کی معروف ٹیکسٹائل کمپنی 'سفائر فائبرز لمیٹڈ' (ایس ایف ایل) نے بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی کاروباری رسائی بڑھانے اور سمندر پار تجارتی سرگرمیوں کو مستحکم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات میں اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی قائم کرلی، کمپنی نے اس نئی پیشرفت کے تحت اماراتی مارکیٹ میں 2 لاکھ امریکی ڈالرز کی ابتدائی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ باضابطہ اعلامیہ میں سفائر فائبرز لمیٹڈ نے متحدہ عرب امارات میں ایک بالکل نئی اور مکمل ملکیتی کمپنی قائم کی ہے، کمپنی نے اس سلسلے میں تمام ضروری قانونی اور ریگولیٹری تقاضے اور دستاویزات کامیابی سے مکمل کرلی ہیں، جس کے بعد اب یو اے ای میں اس نئی کمپنی کو باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ کر لیا گیا۔ سفائر فائبرز کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے اس عمل کے فوری بعد اب کمپنی اپنی اس نئی یو اے ای ذیلی کمپنی میں 2 لاکھ امریکی ڈالرز بطور ایکویٹی سرمایہ کاری منتقل کرنے کے مراحل میں ہے، نئی کمپنی کے قیام کا مقصد بین الاقوامی کاروباری مواقع تلاش کرنا اور دنیا بھر میں برانڈ اور مصنوعات کو مزید پھیلانا ہے، سفائر فائبرز نے صرف یو اے ای ہی نہیں بلکہ امریکی مارکیٹ میں بھی پوزیشن مضبوط کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے ہیں، مارچ 2025ء میں امریکی کمپنی میں 50 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی، بعدازاں مزید 25 لاکھ ڈالرز کی اضافی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ سفائر فائبرز لمیٹڈ کو پاکستان میں 1979ء میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ کیا گیا تھا، کمپنی کا بنیادی کام اعلیٰ معیار کے دھاگے، کپڑے اور تیار ملبوسات کی مینوفیکچرنگ اور فروخت ہے، اس وقت کمپنی کے پاکستان میں مینوفیکچرنگ کے تین بڑے پلانٹس کام کر رہے ہیں، ان مینوفیکچرنگ پلانٹس میں سے کمپنی کے دو پلانٹ شیخوپورہ اور ایک لاہور میں واقع ہے۔ مزید یہ کہ حالیہ برسوں میں سفائر گروپ نے روایتی ٹیکسٹائل کے کاروبار سے ہٹ کر دیگر شعبوں، خصوصاً توانائی میں اپنے قدم کامیابی سے جمائے ہیں، گزشتہ سال کمپنی نے بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں واقع دو بڑے گیس پاور پلانٹس میں 50 فیصد شیئرز خریدے تھے، جن میں اوچ پاور پرائیویٹ لمیٹڈ 586 میگاواٹ کا گیس پاور پلانٹ اور اوچ ٹو (II) پاور پرائیویٹ لمیٹڈ 404 میگاواٹ کا گیس پاور پلانٹ شامل ہیں۔