دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2026ء) قسمت کب اور کیسے مہربان ہو جائے، اس کا اندازہ لگانا ناممکن ہے، دبئی میں مقیم 38 سالہ پاکستانی خاتون چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ حرا نیئر کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا، جنہوں نے اپنے ایک ساتھی ملازم کے مشورے پر زندگی میں پہلی بار دبئی ڈیوٹی فری کا لاٹری ٹکٹ خریدا اور پہلی ہی کوشش میں 10 لاکھ امریکی ڈالرز تقریباً 28 کروڑ پاکستانی روپے کی خطیر رقم جیت کر کروڑ پتی بن گئیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی میں مقیم فنانس پروفیشنل اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ حرا نیئر نے بتایا کہ چند دن پہلے تک انہوں نے کبھی 'دبئی ڈیوٹی فری ملینیم ملینیئر' ٹکٹ خریدنے کا سوچا بھی نہیں تھا اور نہ ہی انہیں اس کا علم تھا، دفتر میں کام کے دوران ایک کولیگ نے باتوں باتوں میں اس لاٹری کا ذکر کیا اور بتایا کہ اس میں جیتنے کے امکانات کافی اچھے ہوتے ہیں، میں نے تجسس کے تحت ویب سائٹ چیک کی اور محض ایک ٹکٹ خریدنے کا فیصلہ کیا۔ حرا نیئر کا کہنا ہے کہ جب میں نے آن لائن ٹکٹ خریدا تو سسٹم نے مجھے ٹکٹ نمبر 1387 جاری کیا، یہ نمبر دیکھتے ہی میں دنگ رہ گئی کیونکہ یہ میرے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے آفیشل ممبرشپ نمبر سے حیرت انگیز طور پر مشابہت رکھتا تھا، میرا ممبرشپ نمبر 13837 ہے اور ٹکٹ نمبر 1387 تھا، مجھے لگا یہ نمبر میرے لیے بالکل پرفیکٹ ہے اور اسی وقت میرے دل میں ایک امید جاگی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹکٹ خریدنے کے بعد اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف ہو گئی اور اس بارے میں بالکل بھول گئی، چند روز بعد دفتر میں کام کرتے ہوئے میں نے سوشل میڈیا پر اس لاٹری کی لائیو قرعہ اندازی دیکھنے کا فیصلہ کیا، جیسے ہی لائیو ڈرا کے دوران جیتنے والے نمبر کا اعلان ہوا اور "ٹکٹ نمبر 1387" پکارا گیا، تو میں اپنی سیٹ پر منجمد ہو کر رہ گئی، مجھے یقین ہی نہیں آ رہا تھا میں سچ مچ ملین کیپیٹل کی مالک بن چکی ہوں۔ حرا نے کہا کہ میں نے اپنے شوہر کو بھی ٹکٹ خریدنے کے بارے میں نہیں بتایا تھا کیونکہ مجھے خود جیتنے کی کوئی امید نہیں تھی، جب میں نے اپنے شوہر کو فون کرکے یہ خوشخبری سنائی، تو انہوں نے مذاق سمجھ کر یقین کرنے سے انکار کر دیا، بعد میں جب میں نے ٹکٹ کی تصویر اور ڈرا کی لائیو ویڈیو بھیجی تب جا کر انہیں یقین آیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ کروڑ پتی بننے کے بعد بھی ابھی تک دفتر میں اپنے اس ساتھی کو بھی یہ بات نہیں بتائی جس کے مشورے پر ٹکٹ لیا تھا۔ وہ کہتی ہیں کہ ابھی تک یہ بات صرف مجھے اور میرے شوہر کو معلوم ہے، میں اب بھی اپنے دفتر میں اتنی ہی خاموشی سے کام کر رہی ہوں جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو، میں اس رقم سے اپنے خوابوں کا گھر خریدنا چاہتی ہوں، میں اپنے نام پر جائیداد خریدنا چاہتی ہوں، ہمارے خاندان میں عام طور پر خواتین اپنے نام پر جائیداد نہیں رکھتیں لیکن میں یہ روایت بدلنا چاہتی ہوں اور دبئی میں ایک خوبصورت ولا یا پاکستان میں اپنا ذاتی گھر خریدنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ اس حوالے سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حرا نیئر نے یہ انعام 3 جولائی کو آن لائن خریدے گئے ٹکٹ کے ذریعے جیتا، جس کے ساتھ ہی وہ 1999ء میں شروع ہونے والی اس اسکیم میں اب تک یہ انعام جیتنے والی 29 ویں پاکستانی شہری بن گئی ہیں، اسی قرعہ اندازی میں شارجہ میں مقیم ایک 45 سالہ بھارتی تاجر محمد ایوب الدین نے بھی 10 لاکھ ڈالر کا دوسرا انعام جیتا ہے۔