لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2026ء) برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم نے 10 ڈاوننگ اسٹریٹ کا چارج سنبھالتے ہی ملک میں شہریوں کے زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر قابو پانے کے لیے اپنا پہلا ہنگامی اقدام اٹھا لیا، جس کے تحت برطانوی حکومت نے اکتوبر سے گھریلو بجلی کے بلوں سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) ختم کرنے کا اعلان کردیا، جس سے لاکھوں برطانوی شہریوں کو بلاواسطہ مالی ریلیف ملے گا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق عہدہ سنبھالنے کے محض ایک دن بعد جاری کردہ اپنے باضابطہ بیان میں وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا کہ ہم بجلی کے بلوں پر ٹیکسوں میں کٹوتی کرنے، لوگوں کی جیبوں میں مزید پیسے واپس لانے اور ملک میں امید کو بحال کرنے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ وی اے ٹی ختم ہونے کے نتیجے میں برطانیہ میں اوسطاً فی گھرانہ کو سالانہ تقریباً 45 پاؤنڈ تقریباً 61 امریکی ڈالر کی بچت حاصل ہوگی، ٹیکس کٹوتی کی عملداری یکم اکتوبر 2026ء سے شروع ہو گی، اس تاریخ کا انتخاب خاص طور پر اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ برطانیہ کے انرجی ریگولیٹر 'اوفیجم' کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتوں کی حد میں متوقع اضافے کا امکان ہے، حکومت کے اس بروقت فیصلے سے اکتوبر کے پرائس کیپ کا اثر عوام پر نہیں پڑے گا اور بلوں میں متوقع اضافہ رک جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت نے اس بڑے ٹیکس ریلیف کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کا طریقہ کار بھی واضح کر دیا ہے، جس کے تحت سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے دور کی متنازعہ ڈیجیٹل آئی ڈی اسکیم کو منسوخ کر دیا گیا ہے، اس منصوبے پر برطانیہ کے ٹیکس دہندگان کے 1.8 ارب پاؤنڈز خرچ ہونا تھے، اور اب اسی رقم کو بچا کر عوام کے بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔