ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 22 جولائی 2026ء ) سعودی عرب کے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا کیلئے اپلائی کرنے کا طریقہ اور اہلیت سامنے آگئی ہے۔ وزارتِ حج و عمرہ سعودی عرب کی طرف سے زائرین کے لیے سفر مزید آسان بنانے کے لیے ایک نیا ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرایا گیا جس کے تحت ویزے کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمان اور یواے ای رہائشی پورا سال نئے ویزا کے حصول کے بغیر متعدد بار عمرہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

نئے ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا کی خصوصیات کے مطاق یہ ویزا اجراء کی تاریخ سے 365 دن کے لیے کارآمد ہوگا ، اس ویزے پر زائرین ویزا کی مدت کے دوران ایک سے زائد بار سعودی عرب میں داخل ہوسکیں گے۔ ویزے کے تحت مجموعی طور پر زیادہ سے زیادہ 90 دن تک قیام کیا جا سکتا ہے جبکہ یہ تمام قومیتوں کے مسلمان اس کے لیے اہل ہیں تاہم یہ ویزا سالانہ حج سیزن کے دوران کارآمد نہیں ہوگا۔ ویزے کا حصول اور سفر کا طریقہ کارنسک پلیٹ فارم کے ساتھ منسلک ہے، درخواست گزاروں کو وہاں پر پریمیم یا لگژری پیکیج میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ جس کے بعد سفر کی کفالت کرنے والی منظور شدہ عمرہ ایجنسی ویزا پروسیسنگ مکمل کرتی ہے۔ جب بھی اگلے دورے کے لیے شرائط پوری کریں گے تو دوبارہ فعال ہو جاتا ہے۔