ممبئی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 01 ستمبر 2026ء ) بھارت میں برقع پہنی خاتون کو اسپتال میں داخلے ہونے سے روکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی کے بی ایم سی کے زیرانتظام کوپر اسپتال میں مبینہ طور پر داخلے سے روکنے کی دو برقع پوش خواتین کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر جنگل کی آگ کی طرح وائرل ہوئی ہے جس نے سیاسی اور سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا ہے۔ ان خواتین میں سے ایک ایڈووکیٹ زہرہ شیخ نے الزام لگایا کہ انہیں صرف اسپتال میں داخل ہونے سے ہی نہیں روکا گیا بلکہ لباس کی وجہ سے اسپتال سیکورٹی کے حوالے بھی کر دیا گیا۔ یہ واقعہ پیر کو ممبئی کے ولے پارلے علاقے میں میٹرنٹی وارڈ کے داخلی دروازے پر پیش آیا۔ خواتین سیکورٹی اہلکاروں نے ان دونوں خواتین کو روکا اور مبینہ طور پر بچوں کی چوری کے خدشات کا حوالہ دیا، یہ ویڈیو خواتین کے ساتھ موجود ایک شخص نے ریکارڈ کی تھی۔