نیویارک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 01 ستمبر 2026ء ) نیویارک ٹائمز اسکوائر پر چاقو حملے میں بینک آف امریکا کی نائب صدر ہلاک ہوگئیں، حملہ ایک خاتون نے کیا، پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی ماری گئی ۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیو یارک کی مصروف ترین ٹائمز اسکوائر پر 49 سالہ ملزمہ خاتون نے دو راہگیروں پر چاقو سے حملہ کردیا۔ چاقو حملے میں بینک آف امریکا کی نائب صدر ایرن پیاسینٹی ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی۔ لیکن حملہ آور دو چاقو لہراتے ہوئے پولیس کی جانب بڑھی اور چار منٹ تک ہتھیار پھینکنے سے انکار کیا۔ ملزمہ خاتون نے پولیس پر حملے کی کوشش کی تو پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور خاتون بھی ہلاک ہوگئی۔