ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اگست 2026ء) متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ اماراتی ایئر فورس نے ملکی بحری حدود میں داخل ہونے والے ایک ایرانی ڈرون کو بروقت شناخت کرکے مناسب جواب دیا ہے۔ اماراتی وزارتِ دفاع نے اپنے سرکاری ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ اور پریس ریلیز میں بتایا کہ ایئر فورس کے سسٹمز نے ایران کی سمت سے آنے والے ایک غیرملکی ڈرون کو متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود کے اوپر فضائی راستے میں دیکھا، جس پر فوری اور مؤثر کارروائی کی گئی۔ وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اماراتی مسلح افواج کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل اور اعلیٰ ترین حالتِ جنگی تیاری پر موجود ہیں، ملک کے فضائی دفاعی سسٹمز چوبیس گھنٹے اماراتی فضائی حدود اور جغرافیائی حدود کی نگرانی اور تحفظ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یواے ای کی وزارت دفاع نے اماراتی شہریوں اور ملک میں قیام پذیر غیرملکی رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام معلومات اور خبروں کے لیے صرف سرکاری اور موثق ذرائع پر ہی انحصار کریں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں سے مکمل طور پر پرہیز کریں۔ UAE Air Force Responds to UAV over Territorial Waters Approaching from IranThe Ministry of Defence announced that the UAE Air Force responded to a UAV detected over the country’s territorial waters, approaching from Iran.The Ministry affirmed that the Armed Forces remain on a… pic.twitter.com/cCSJSRX4HW— وزارة الدفاع |MOD UAE (@modgovae) August 31, 2026 اسی طرح متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے المنہاد ایئر بیس کو نشانہ بنائے جانے کی خبروں کی بھی تردید کی اور کہا ہے کہ المنہاد ایئر بیس کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کے حوالے سے میڈیا میں گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، مسلح افواج ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔