ریاض ایئر نے پاکستان کیلئے فضائی آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست 2026ء) سعودی عرب کی نئی ایئر لائن ریاض ایئر نے پاکستان میں اپنے فضائی آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، جس کے تحت پہلی پرواز ریاض سے اسلام آباد پہنچ گئی۔

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست 2026ء) سعودی عرب کی نئی ایئر لائن ریاض ایئر نے پاکستان میں اپنے فضائی آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، جس کے تحت پہلی پرواز ریاض سے اسلام آباد پہنچ گئی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق ریاض ایئر کی افتتاحی پرواز آر ایکس 660 نے 69 مسافروں کے ساتھ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا جہاں نئی ایئر لائن کی آمد پر روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا، افتتاحی پرواز کی آمد کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی شریک ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ ریاض ایئر پاکستان میں اپنے آپریشن کے ابتدائی مرحلے میں ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار سات پروازیں چلائے گی، جس سے دونوں دارالحکومتوں کے درمیان فضائی رابطے میں نمایاں اضافہ ہوگا، افتتاحی پرواز ریاض سے اسلام آباد پہنچنے کے بعد 272 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے ریاض کے لیے روانہ ہوگئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ذیشان سعید نے ریاض ایئر کی پاکستان آمد کو دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ایئر لائن کے فضائی آپریشنز شروع ہونے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سہولت میسر آئے گی، ریاض ایئر کی پاکستان آمد دونوں ممالک کے درمیان فضائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے، امید کرتے ہیں نئی فضائی سروس سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کاروباری، سیاحتی اور عوامی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ حکام کی جانب سے ریاض ایئر کی جانب سے اسلام آباد کے لیے ہفتہ وار سات پروازوں کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط سفارتی اور معاشی تعلقات کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جارہا ہے، نئی پروازوں سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں اور پاکستان سے سعودی عرب سفر کرنے والے مسافروں کے لیے فضائی سفری سہولیات اور آپشنز میں اضافہ ہوگا۔



