دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون2026ء) خلیجی ملک قطر میں مقیم غیر ملکی تارکینِ وطن اور وہاں جانے والے سیاحوں کے لیے ریذیڈنسی پرمٹ (اقامہ) کی منسوخی کے بعد ملک میں قیام کی رعایتی مدت کو آدھا کرتے ہوئے نئے جرمانے عائد کر دیئے گئے۔

گلف ٹائمز کے مطابق قطری وزارتِ داخلہ کے پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے محفوظ سفری طریقہ کار پر منعقدہ ایک ویبنار کے دوران ایئرپورٹ پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسر کیپٹن علی احمد علی الکواری نے ویزہ اور اقامہ قوانین میں کی جانے والی ان بڑی تبدیلیوں کا باقاعدہ اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطر کی حکومت نے اقامہ منسوخی کے حوالے سے رائج پرانے قوانین کو تبدیل کردیا ہے، پہلے جن غیر ملکیوں کے اقامے یا ریذیڈنسی پرمٹ منسوخ یا منقطع کر دیئے جاتے تھے، انہیں ملک میں رہنے کے لیے 30 دن کی رعایتی مدت دی جاتی تھی، اب اس مدت کو صرف 14 دن کر دیا گیا ہے، جن تارکینِ وطن کے اقامے منسوخ ہوں گے، انہیں ہر صورت 14 دن کے اندر قطر چھوڑنا ہوگا، اگر کوئی شخص اس مقررہ 14 دن کی مدت کے بعد بھی قطر میں غیر قانونی طور پر قیام پذیر رہے گا، تو اسے 10 قطری ریال روزانہ کے حساب سے مالی جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ قطری عہدیدار نے وزٹ ویزہ پر قطر آنے والے سیاحوں اور مسافروں کو بھی سخت وارننگ جاری کی ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ پر لگی ویزہ کی مہر پر لکھی ہوئی ویزہ کی میعاد اور قطر میں قیام کی مدت کو اچھی طرح اور باریک بینی سے چیک کرلیں، اگر کوئی وزٹ ویزہ ہولڈر اپنے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی قطر میں رکا رہا، تو اسے 200 قطری ریال روزانہ کے حساب سے بھاری جرمانہ بھرنا پڑے گا۔ قطر میں پیدا ہونے والے غیرملکی بچوں کے سفر اور اقامے کے حوالے سے بھی کیپٹن الکواری نے اہم شرائط بتائی ہیں کہ قطر میں مقیم غیر ملکیوں کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کی پیدائش کی اطلاع پاسپورٹ حکام کو دینا لازمی ہے، متعلقہ سفارتخانے سے ضروری دستاویزات حاصل کرنے کے بعد بچے کا ریذیڈنسی پرمٹ اس کے والد کی اسپانسرشپ یعنی کفالت کے تحت بنوانا فرض ہے، اگر قطر میں پیدا ہونے والے نوزائیدہ بچے کا ریذیڈنسی پرمٹ نہیں بنوایا جاتا اور وہ بچہ ملک سے باہر چلا جاتا ہے، تو اقامے کے بغیر وہ بچہ دوبارہ قطر میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ وزارتِ داخلہ کے عہدیدار نے مسافروں کو سفر سے پہلے اپنے معاملات کلیئر کرنے کی ہدایت دی ہیں کہ وہ قطر سے روانگی یا سفر سے پہلے Metrash موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اپنا اسٹیٹس لازمی چیک کریں، ایپ پر یہ یقینی بنائیں کہ ان پر کوئی ٹریفک جرمانہ، اوور اسٹے جرمانہ یا دیگر واجبات تو باقی نہیں ہیں، کیونکہ یہ بقایا جات سفری طریقہ کار کو متاثر کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ نئے پاسپورٹ پر اقامہ ٹرانسفر کرنے کا عمل بھی اسی ایپ کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے۔