تہران (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 30 جون 2026ء ) آبنائے ہرمز میں جہازوں کے گزرنے پر فیس وصولی کیلئے عمان نے ایرانی منصوبے کی حمایت کردی ہے۔ میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز پر فیس وصولی کیلئے عمان نے ایران کے ساتھ مشترکہ منصوبے سے امریکا کو آگاہ کردیا ہے۔عمان نے باضابطہ طور پر امریکا اور اتحادیوں کو فیس وصولی کا پلان بھیج دیا ہے، آبنائے ہرمز پر ٹول ٹیکس پر ایران عمان کی مشترکہ کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کمرشل اور بحری جہازوں سے فیس وصول کی جائے گی۔ جنگ سے قبل آبنائے ہرمز عالمی شپنگ روٹس تھااور جہاز بلامعاضہ گزرتے تھے۔ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں دونوں ممالک نے مستقبل کے انتظامی طریقہ کار پر اتفاق رائے قائم کر لیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ عمان نے ساحلی ریاست ہونے کے ناطے انتظامی عمل میں شامل ہونے کی حمایت کی ہے اور فراہم کی جانے والی خدمات کے عوض فیس وصول کرنے کے مقف کی بھی تائید کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل تکنیکی کمیٹیاں آئندہ 7 سے 8 دن میں مذاکرات شروع کریں گی تاکہ مجوزہ معاہدے اور بحری راستوں سے متعلق مسودہ تیار کیا جا سکے۔