دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 نومبر 2026ء)  پاکستان اے اور بھارت اے کے درمیان رائزنگ اسٹارز ایشیاء کپ کے میچ سے قبل ٹاس کے دوران دلچسپ اور غیرمعمولی صورت حال پیدا ہوگئی جب سکہ پاکستان کے حق میں آنے کے باوجود ابتدائی طور پر بھارت کو ٹاس کا فاتح قرار دینے کا اعلان کیا گیا، پاکستانی کپتان عبدالصمد نے فوراً غلطی کی نشاندہی کی، جس پر سکہ دوبارہ دیکھنے کے بعد اعلان درست کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں دونوں ٹیمیں ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے مقابلے کے لیے آمنے سامنے تھیں۔ This is what you call getting caught red-handed. #PAKvIND pic.twitter.com/kTikpno7ub— Sohail Imran (@sohailimrangeo) November 22, 2026 ٹاس کے دوران کیا ہوا؟ بھارتی ٹیم کے کپتان تلک ورما نے سکہ اچھالا اور پاکستان اے کے کپتان عبدالصمد نے ہیڈز کی کال دی، ابتدائی اعلان میں ٹیلز بتایا گیا، جس سے بظاہر بھارت ٹاس جیت رہا تھا تاہم عبدالصمد نے فوراً سکہ دیکھ کر بتایا کہ نتیجہ ہیڈز آیا ہے، جس پر اسی وقت دونوں کپتانوں نے نیچے جھک کر سکہ دیکھا، جس کے بعد اعلان درست کرتے ہوئے پاکستان اے کو ٹاس کا فاتح قرار دے دیا گیا۔ سنگین غلطی یا ٹاس فکسنگ ؟پاکستانی کپتان نے ریفری کی مبینہ دھاندلی رنگے ہاتھوں پکڑلی#ARYNews pic.twitter.com/K3xuxNfr2b— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) November 22, 2026 ٹاس جیتنے کے بعد عبدالصمد نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے بتایا کہ پچ خشک دکھائی دے رہی تھی اور ان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرنا چاہتی تھی، اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر زیر بحث آئی۔ غلط اعلان یا جان بوجھ کر دھاندلی؟ سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے ٹاس کے ابتدائی اعلان پر سوالات اٹھائے، تاہم دستیاب ویڈیو اور شائع شدہ رپورٹس سے صرف اتنا ثابت ہوتا ہے کہ نتیجہ بتانے میں غلطی ہوئی تھی، جسے موقع پر درست کر دیا گیا، جان بوجھ کر دھاندلی، ٹاس فکسنگ یا کسی منظم سازش کا کوئی مصدقہ ثبوت سامنے نہیں آیا۔ دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملائے ٹاس کے دوران پاکستان اور بھارت کے کپتانوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ بھی نہیں کیا، یہ صورت حال دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان حالیہ مقابلوں میں دیکھے جانے والے رویے کا تسلسل ہے، ستمبر 2025ء کے ایشیاء کپ میں بھی بھارتی ٹیم کی جانب سے مصافحہ نہ کرنے پر تنازعہ پیدا ہوا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر احتجاج کیا تھا، دوحہ کے میچ میں ٹاس کی غلطی فوراً درست ہونے کے باوجود یہ واقعہ دونوں روایتی حریفوں کے مقابلے سے قبل نمایاں موضوع بن گیا۔